ارکان اسمبلی کیلئے گوشوارے جمع کرانے کی حتمی تاریخ 31 دسمبر: الیکشن کمشن
اسلام آباد+شیخوپورہ (وقائع نگار+نمائندہ خصوصی) الیکشن کمشن آف پاکستان نے واضح کیا ہے کہ اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی ممبران کے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے برائے مالی سال 24ء2023ء جمع کرانے کی حتمی تاریخ31 دسمبر 2024ء ہے۔ الیکشن ایکٹ2017 ء کی دفعہ137 کے تحت تمام اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی کے ممبران کے لئے لازم ہے کہ وہ اپنے بشمول شریک حیات و زیر کفالت بچوں کے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے برائے مالی سال2023-24ء مجوزہ فارم بی کی صورت میں مقررہ تاریخ سے پہلے یا 31دسمبر2024 ء تک الیکشن کمشن کے پاس جمع کروا دیں۔ بدھ کو الیکشن کمشن سے جاری بیان کے مطابق مقررہ تاریخ تک مطلوبہ گوشوارے جمع نہ کروانے والوں کے نام شائع کرے گا۔ 16جنوری کو ایک حکم کے تحت کمشن 15 جنوری تک مذکورہ گوشوارے جمع نہ کروانے والے اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلیوں کے ممبران کی رکنیت معطل کردے گا اور مذکورہ گوشوارے جمع نہ کروانے تک وہ پارلیمنٹ و اسمبلی کی کسی بھی کارروائی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ اگرکوئی ممبر اپنے پیش کردہ گوشواروں میں کسی قسم کی غلط معلومات فراہم کرنے کا مرتکب پایا گیا تو کمشن سیکشن 137 کے تحت گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ سے120 دن کے اندر اس بد عنوانی کے جرم کے ارتکاب کی پاداش میں کارروائی کرے گا۔ اس حوالے سے تیار کردہ ہدایات /رہنمائی کے ساتھ مقررہ فارم بی الیکشن کمشن سیکرٹریٹ اسلام آباد، متعلقہ صوبائی الیکشن کمشنر کے دفاتر، سینٹ سیکرٹریٹ، قومی و صوبائی اسمبلیوں کے سیکرٹریٹ سے مفت حاصل کیا جا سکتا ہے۔ مزید برآں فارم بی الیکشن کمشن آف پاکستان کی ویب سائٹ سے بھی ڈائون لوڈ کیا جا سکتا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف نظریاتی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں اپنے سالانہ گوشوارے جمع کروا دیئے ہیں۔ پی ٹی آئی این کے نائب صدر سید علی شاہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پی ٹی آئی این آئین و قانون کی بالادستی پر یقین رکھنے والی جماعت ہے۔