ٹرمپ جیت گئے، اب کوئی جنگ نہیں: نو منتخب صدر
اسلام آباد، واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ ) صدارتی انتخابات کی دوڑ میں ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ دوسری بار کامیاب ہو کر امریکا کے47 ویں صدر منتخب ہوگئے،ڈونلڈ ٹرمپ 292 الیکٹورل ووٹ حاصل کر کے وائٹ ہائوس پہنچنے میں کامیاب ہوئے ہیں جبکہ کملاہیرس 226 الیکٹورل ووٹ حاصل کر سکیں، کسی بھی امیدوارکو جیت کیلئے538میں سے 270 الیکٹورل ووٹ درکار تھے۔ امریکا کے صدارتی انتخابات میں ساڑھے16کروڑ ووٹرز نے حق رائے دہی کااستعمال کیا جبکہ قبل از وقت ووٹنگ میں 8کروڑ سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کرچکے تھے، ٹرمپ کے حامیوں نے جیت کا جشن منایا اوروائٹ ہائوس کے باہرجمع ہوکر خوب ہلہ گلہ اور نعرے بازی کی۔سینیٹ میں بھی ڈونلڈ ٹرمپ کوکملا ہیرس کی پارٹی پر برتری حاصل ہے، امریکی سینٹ میں ری پبلکنز نے 100میں سے52 نشستیں لے کر سادہ اکثریت حاصل کرلیں جبکہ ڈیموکریٹس نے44 نشستیں حاصل کیں۔ اب تک کے نتائج کے مطابق ایوان نمائندگان کی 435 سیٹوں میں سے ری پبلکن نے 201 جبکہ ڈیموکریٹس نے 186 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ اپنے وکٹری خطاب میں نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کامیابی پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی سیاسی جیت پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی ،ہرروز آپ کے حقوق کے لیے لڑوں گا،امریکہ کے زخموں پر مرحم رکھیں گے ،ملک کو مضبوط بنانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، امریکہ میں سنہری دو ر کا آغاز ہونے والا ہے،چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اقدامات کریں گے ،نئی کوئی جنگ شروع نہیں کروں گا بلکہ جنگوں کو ختم کروں گا، بارڈر سیل کریں گے، غیر قانونی تارکیں وطن کی آمد کو روکیں گے۔ امریکہ کے تما م معاملات اب ٹھیک ہونے والے ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے2024 ء کے صدارتی الیکشن جیتنے کے بعد قوم سے پہلے خطاب میں کہا کہ ہم ایک تاریخ رقم کرنے جارہے ہیں ، یہ بہت بڑی سیاسی جیت ہے۔ان کاکہنا تھا کہ ملکی تاریخ کی عظیم ترین سیاسی تحریک تھی، امریکا کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے،ہم بہتر کریں گے،ڈونلڈ ٹرمپ نے سوئنگ ریاستوں کوجیت کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مجھے 315الیکٹورل ووٹ جیتنے کی امید تھی ، بڑے مشکل حالات میں انتخاب جیتا،یہ ناقابل یقین تھا، میری فیملی اور خاص طور پر اہلیہ نے اس مشکل وقت میں ساتھ دیا۔ڈونلڈ ٹرمپ نے نائب صدر وینس کو بھی جیت کی مبارکباد دی ۔ امریکی میڈیا کے مطابق ریاست انڈیانا، فلوریڈا، اوہائیو، کینٹکی، ریاست اوکلوہاما ، الباما، جنوبی کیرولینا، ریاست مسی سپی، آرکنساس میں ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کامیاب ہو گئے، ویسٹ ورجینیا میں بھی ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کامیاب ہوئے۔ ڈیموکریٹ امیدوار کملا ہیرس نے نیومیکسکیو، اوری گن، کولوراڈو، مین ، ہوائی، واشنگٹن میں، ڈسٹرکٹ کولمبیا میں اورکیلیفورنیا میں سب سے زیادہ 54 الیکٹورل ووٹ لے کرمیدان مار لیا۔ ریاست ہوائی میں دسویں مرتبہ ڈیموکریٹ پارٹی نے کامیابی حاصل کی ہے ، اسی طرح ایلی نوائے، نیوجرسی ، میری لینڈ اور ورمونٹ میں کملا ہیرس کامیاب ہوگئیں، ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی میں دو ریاستوں مغربی ورجینیا اور اوہائیو نے کردار ادا کیا ۔ سات سونگ ریاستوں ایری زونا، جارجیا، مشی گن، نیواڈا، شمالی کیرولینا، پینسلوینیا اور وسکونسن کے پاس وائٹ ہائوس کی کنجیاں ہیں۔ جن میں 93 الیکٹورل ووٹ درکار ہوتے ہیں۔ ٹرمپ نے سوئنگ ریاستوں میں وسکونسن، جارجیا میں 16، کیرولینا 16، پنسلوینیا میں 19 جبکہ مشی گن میں 15 الیکٹورل ووٹ لے کرکامیابی حاصل کی جبکہ ایری زونا میں11، نیواڈا میں بھی ڈونلڈ ٹرمپ کو برتری حاصل ہے، نئے صدر کی تقریب حلف برداری 20 جنوری کو واشنگٹن میں منعقد ہو گی۔
اسلام آباد، واشنگٹن (نمائندہ خصوصی +نوائے وقت رپورٹ) ٹرمپ کو عالمی رہنمائوں کی جانب سے مبارکبادیں دی گئیں۔ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو ذرداری نے بھی ڈونلڈ ٹرمپ کو صدارتی الیکشن میں جیتنے پر مبارکباد دی۔ بلاول بھٹو ذرداری نے ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں لکھا "ڈونلڈ ٹرمپ کو تاریخی فتح پر مبارک ہو، امریکا کے عوام نے ٹرمپ اور ان کی ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی"۔ یہ جنگ مخالف فتح ہے اور جنگ مخالف مینڈیٹ ہے، امید ہے امریکہ کی نئی انتظامیہ امن کو ترجیح دے گی، امید ہے امریکہ کی نئی انتظامیہ عالمی تنازعات کو ختم کرنے میں مدد کرے گی۔ جبکہ چین نے نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک بار پھر صدارت کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دے دی۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ چین باہمی احترام کی بنیاد پر امریکا کے ساتھ کام جاری رکھے گا۔ چین کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکا کے لیے چین کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں ہے۔ ترجمان چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکی عوام کے انتخاب کا احترام کرتے ہیں۔ سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں ذلفی بخاری نے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ اور جے ڈی وانس کو جیت مبارک ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ عظیم فتح بڑی مشکلات اور رکاوٹوں کا سامنا کرتے ہوئے حاصل کی گئی۔ یہ کامیابی حقیقی تبدیلی اور معاشی استحکام کیلئے ایک واضح آواز ہے۔ ذلفی بخاری نے کہا کہ مستقبل کو دیکھتے ہوئے یہ بڑے امکانات کا دور ہے۔ ہمیں امید ہے یہ نیا باب عالمی مسائل کے حل کی سمت میں فیصلہ کن اقدامات کا مشاہدہ کرے گا۔ بالخصوص غزہ میں جاری تنازع کے خاتمے کیلئے فیصلہ کن اقدامات کی امید ہے۔ دعا ہے یہ وقت اتحاد کا ہو اور سب کیلئے دنیا میں امن و خوشحالی لائے۔اسلام آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ان کی جیت اور امریکہ کا دوبارہ صدر منتخب ہونے پر دلی مبارکباد دی ہے۔ پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ صدر ٹرمپ کی قیادت میں دونوں ممالک امن، سلامتی اور خوشحالی کے مشترکہ اہداف کے لیے مل کر کام کریں گے۔ امید ہے امریکی انتظامیہ عالمی امن کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گی۔ امن و سلامتی پاکستان اور عالمی برادری دونوں کی اولین ترجیح ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ٹرمپ کو الیکشن جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔ نیتن یاہو نے کہا ہے کہ ٹرمپ کی واپسی اتحاد کے عزم کا اعادہ ہے۔ سعودی عرب کے شاہ سلمان اور شہزادہ محمد بن سلمان نے ٹرمپ کو مبارکباد دی ہے۔ برطانوی اور بھارتی وزرائے اعظم نے بھی ٹرمپ کو مبارکباد دی ہے۔ فرانس، یوکرائن، مصر، قطر اور امارات نے بھی مبارکباد دی ہے۔ افغان وزارت خارجہ کے ترجمان عبدالقہار بلخی نے ایکس پوسٹ میں کہاکہ ’افغان حکومت کو امید ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں ٹھوس پیش رفت کے لیے حقیقت پسندانہ اقدامات اٹھائے گی اور دونوں ممالک تعلقات کا نیا باب کھولنے میں کامیاب ہوجائیں گے‘۔ انہوں نے زور دیا کہ ٹرمپ نے اپنے پہلے دور اقتدار میں طالبان کے ساتھ امن معاہدے کی سربراہی کی جس کے نتیجے میں امریکا کو 2021 میں انخلا کا راستہ ملا اور 20 سالہ قبضے کا خاتمہ ہوا۔