• news

350 پاکستانی 5 دن سے کوالالمپور ائر پورٹ پر محصور، ایک کی آج لاہور میں شادی تھی  

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) ملائیشیا سے پاکستان آنے کے لیے 350 سے زائد پاکستانی مسافر طیارے کی عدم دستیابی کی وجہ سے کوالالمپور ائیرپورٹ پر محصور ہو  گئے۔ ان میں لاہور کا ایک شہری بھی شامل ہے جس کی آج جمعہ کو شادی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملائیشیا کے کوالالمپور ایئرپورٹ پر پاکستانی شہری پھنسے ہوئے ہیں، باتک ائیر کی پرواز او ڈی 131 کو الالمپور سے لاہور آنی تھی جس میں ائیربس 330 ساختہ طیارے کے ذریعے ان افراد کو آنا تھا مگر پانچ دن گزرنے کے باوجود ان کی واپسی نہیں ہوئی ہے۔ وہاں پھنسے لاہور ہربنس پورہ کے رہائشی ذیشان احمد صدیقی کی آج 8 نومبر جمعہ کو بارات ہے، مسافروں میں خواتین اور گود کے بچوں کے علاوہ ضعیف العمر افراد کی بھی کافی تعداد شامل ہے۔ ائیرلائن کے پاس پاکستان پرواز اڑانے کے لیے طیارہ دستیاب نہیں ہے۔ ایک جہاز کا بڑی مشکل سے بندوبست کیا گیا مگر عین اڑان کے وقت طیارے کے انجن میں تکنیکی خرابی پیدا ہوگئی اور مسافروں کو دوبارہ ابتدا میں اتار کر ائیرپورٹ کے لاؤنج اور پھر ہوٹل منتقل کر دیا گیا۔ پرواز او ڈی 131 کے ذریعے وطن آنے کے امیدوار مسافروں نے حکومت پاکستان سے اپیل کی ہے کہ ان کی واپسی کے لیے کوئی خصوصی انتظام کیا جائے، کیونکہ نوبت یہاں تک پہنچ چکی ہے کہ بیشتر مسافروں کے پاس خرچ کے لیے رقم تک نہیں بچی۔

ای پیپر-دی نیشن