زرمبادلہ کے ذخائر 16 ارب ڈالر کی سطح سے کم ہوگئے‘ سٹیٹ بینک
کراچی (کامرس رپورٹر) زرمبادلہ کے ذخائر 16 ارب ڈالر کی سطح سے کم ہوگئے۔ سٹیٹ بینک کے مطابق ایک ہفتہ کے دوران مجموعی ذخائر میں 11 کروڑ 72 لاکھ ڈالر کی کمی ہوگئی۔ مرکزی بینک کے مطابق یکم نومبر کے اختتام تک مجموعی ذخائر 16 ارب 4 کروڑ 90 لاکھ ڈالر سے گھٹ کر 15 ارب 93 کروڑ 18 لاکھ ڈالر کی سطح پر رہ گئے۔ مرکزی بینک کے ذخائر میں ایک کروڑ 82 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا جس کے بعد مرکزی بینک کے ذخائر 11 ارب 15 کروڑ 64 لاکھ ڈالر سے بڑھ کر 11 ارب 17 کروڑ 46 لاکھ ڈالر کی سطح پر پہنچ گئے۔ اسی طرح کمرشل بینکوں کے ذخائر 13 کروڑ 54 لاکھ ڈالرکی کمی سے 4 ارب 89 کروڑ 26 لاکھ ڈالر سے گھٹ کر 4 ارب 75 کروڑ 72 لاکھ ڈالر رہ گئے۔