• news

سبکدوش سفیر کی ملاقات، جاپان کیساتھ قریبی دوستانہ تعلقات ہیں: محمد اورنگزیب

 اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان قریبی دوستانہ تعلقات قایم ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تجارت، ثقافت، تعلیم اور عوامی رابطوں کے فروغ کے ذریعے اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے وسیع مواقع اور استعداد موجود ہے۔ انہوں نے یہ بات جاپان کے سبکدوش ہونے والے سفیر متسوہیرا وادا سے ملاقات میں کہی، ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دو طرفہ تعاون، علاقائی اور عالمی امور پر مشترکہ اقدار و نقطہ نظر پر تبادلہ خیال ہوا۔ سبکدوش ہونے والے سفیر متسوہیرا وادا، جنہوں نے پاکستان میں اپنی تین سالہ مدت پوری کر لی ہے، نے پاکستان اور جاپان کے درمیان 1952 ء میں قائم ہونے والے سفارتی تعلقات کے بعد اقتصادی اور سفارتی تعلقات میں مستحکم پیش رفت پر روشنی ڈالی۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، ثقافت، تعلیم اور عوامی رابطوں کے فروغ کے ذریعے اپنے تعلقات کو مضبوط بنانے کے وسیع مواقع اور استعداد موجود ہیں۔ وزیر خزانہ نے جاپانی سفیر کو ملکی معیشت کی صورتحال اور مختلف معاشی اشاریوں میں نمایاں بہتری سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے اصلاحاتی ایجنڈے کو پائیدار بنیادوں پر آگے بڑھانے کے عزم پر قائم ہے۔ اقتصادی استحکام کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے اس راستے پر مستقل مزاجی کے ساتھ چلنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پائیداراقتصادی ترقی کیلئے اقدامات کے نتیجہ میں معیشت مستحکم ہو گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن