رائیونڈ تبلیغی اجتماع کا دوسرا مرحلہ، توبہ کر کے سچے مسلمان بن جاؤ: مولانا ابراہیم
سندر (نامہ نگار) رائیونڈ سالانہ بین الاقوامی عالمی تبلیغی اجتماع 2024 دوسرے مرحلہ کا آغاز ہو گیا۔ سٹی ٹریفک پولیس کی جانب سے ناقص حکمت عملی سے سندر روڈ مانگامنڈی روڈ پر خاطر خواہ انتظامات نہ دیکھنے میں آئے۔ انکروچمنٹ کی بھرمار، مل اڈا پر ریڑھی بانوں کے قبضے، ٹریفک روانی میں رکاوٹ آتی رہی۔ اجتماع کے پہلے روز نماز عصر کے بعد امیر جماعت مولانا نذرالرحمان نے اپنے پہلے بیان میں فرمایا۔ ’’اے ایمان والو! اپنے آپ کو اور اپنے اہلخانہ کو آگ سے بچاؤ، جس کا ایندھن انسان اور پتھر ہوں گے، تمہاری یہ آگ جس کو آدم کی اولاد جلاتی ہے، جہنم کی آگ کا سترواں حصہ ہے۔ آؤ مسلمانوں اس دینی جماعت میں شامل ہو کر اس نیک مشن کا حصہ بن کر اللہ سے نا طہ جوڑ لو۔ دین سیکھنے اور سیکھانے والے بن جاؤ، اللہ نے اپنا دروازہ توبہ والوں کے لئے ہمیشہ کھلا رکھا، اس کو کبھی بند نہیں کیا، توبہ کرکے پکے اور سچے مسلمان بن جاؤ، آخرت میں نمازی کا چہرہ روشن اور بے نمازی دور سے ہی پہچانا جائے گا۔ تبلیغی پنڈال میں 65 سے زائد ممالک کے مندوبین شرکت کیلئے پنڈال میں پہنچ چکے ہیں۔ امسال اجتماع میں شرکاء کی تعداد بڑھنے کے پیش نظر وسیع تر انتظامات کئے گئے ہیں۔ ریلوے حکام کی جانب سے کراچی سے رائے ونڈ کیلئے خصوصی ٹرین چلائی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ، ریلوے پولیس، پنجاب پولیس، محکمہ صحت، بم ڈسپوزل سکواڈ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، لیسکو اور ایم سی ایل سمیت دیگر اداروں کی جانب سے خصوصی انتظامات کئے گئے۔ ترجمان کے مطابق تبلیغی اجتماع کے مقامات پر جماعت کے کارکنان کی طرف سے خیمے لگانے کا کام مکمل ہو چکا ہے۔ امسال پچھلے سال کی نسبت دگنے مندوبین کا شرکت کرنے کا امکان ہے۔ جبکہ اجتماع میں آج صبح بروز جمعہ نماز فجر کے بعد بمبئی سے آئے عالم دین مولانا عبدالرحمان بیان کریں گے اور نماز جمعہ کے بعد مولانا اسماعیل گودرہ بیان دیں گے۔