علوی کا ٹرمپ کو خط، کامیابی سے کوئی لینا نہیں، اسد قیصر: ن لیگ کی نیندیں اڑ گئیں، بیرسٹر سیف
اسلام آباد؍ پشاور (بیورو رپورٹ+ نوائے وقت رپورٹ) سابق صدر مملکت اور پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر عارف علوی نے نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خط لکھ دیا ہے۔ عارف علوی نے خط کے متن میں کہا کہ اپنے ملک کے لوگوں کی طرف سے اور پاکستان کے 13ویں صدر کے طور پر میں آپ کو امریکہ کا دوبارہ صدر بننے کی شاندار فتح پر مبارکباد دینا چاہتا ہوں، ہم جمہوری قوموں کے طور پر مسلسل تعاون کے منتظر ہیں، آپ پاکستان کے اچھے دوست رہے ہیں، دنیا یوکرائن اور فلسطین میں جنگ سے پریشان ہے۔ عمران خان کی طرف سے میں عالمی امن کے لیے کوششیں جاری رکھنے کے لیے آپ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔ مشیر اطلاعات خیبرپی کے بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر بنتے ہی ن لیگیوں کی نیندیں اڑ گئیں، لیگی رہنما فکر نہ کریں، سوشل میڈیا پر تمام پوسٹیں اب ریکارڈ کا حصہ ہیں۔ بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ مریم نواز اور خوجہ آصف کل سے سوشل میڈیا پر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف تمام پوسٹیں ڈیلیٹ کرنے میں لگے ہوئے ہیں، مسلم لیگ ن نے ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف سوشل میڈیا پر باقاعدہ مہم چلائی تھی، اب یوٹرن لے کر ٹرمپ کی تعریفیں کر کے نہیں تھکتے ہیں، نوازشریف کا امریکہ کے سامنے لیٹنا بھی سب کو یاد ہے۔ پی ٹی آئی رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ہمیں ٹرمپ کی کامیابی سے کوئی لینا نہیں اور اپنے ملک کے معاملات میں کسی کو مداخلت کی اجازت نہیں دیتے اسد قیصر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو باعزت رہا کیا جائے ہم چاہتے ہیں ملک میں قانون کی حکمران ہو ہمارے مینڈیٹ کو چوری کیا گیا وہ ہمیں واپس کیا جائے ۔اسد قیصر کا کہنا تھا کہ نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی سے ہمیں کوئی لینا نہیں، ہم اپنی جدوجہد پریقین رکھتے ہیں ۔