نوجوانوں کو انتشاری سیاست سے دور رکھنے کیلئے اقدامات کریں گے: عطا تارڑ، فیصل کنڈی
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی )گورنر خیبرپی کے فیصل کریم کنڈی اور وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاء اللہ تارڑ کے درمیان جمعرات کو یہاں اہم ملاقات ہوئی ہے۔ دونوں رہنمائوں کے درمیان صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور صوبائی حکومت کی عدم توجہ، معاشی ترقی کے لئے وفاقی حکومت کے اقدامات، نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں میں مشغولیت، صوبے میں دانش سکول کے قیام پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ ملاقات میں خیبر پی کے میں سکیورٹی کے حوالے سے موجودہ صورتحال، اس میں بہتری کے لئے اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنمائوں نے خیبرپختونخوا میں امن و امان کی خراب صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔ گورنر خیبر پی کے اور وفاقی وزیر اطلاعات نے صوبے میں امن و امان کی بحالی کے لئے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے اس موقع پر کہا کہ خیبر پی کے میں نوجوانوں کو انتشاری سیاست سے دور رکھنے اور مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا میں سکیورٹی کے حوالے سے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبے میں دانش سکول کے قیام اور معیاری تعلیم کے فروغ کے حوالے سے اقدامات اٹھا رہی ہے، خیبر پی کے میں امن و امان کی بحالی وفاق کی ترجیحات میں شامل ہے۔ خیبرپختونخوا کے عوام ہمارے بھائی ہیں، ان کی فلاح و بہبود وفاق کی اولین ترجیح ہے، خیبرپختونخوا کے عوام کو ان کے حق سے محروم نہیں کیا جائے گا، صوبے میں ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گا۔ ملاقات میں ڈیرہ اسماعیل خان میں میڈیا حب بنانے اور دیگر سہولیات کی فراہمی پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ گورنر خیبرپختونخوا نے وزارت اطلاعات و نشریات اور اس کے ماتحت اداروں میں ہونے والی جدت اور مثبت تبدیلیوں کو خوش آئند قرار دیا۔ ملاقات میں خیبر پختونخوا میں تعلیمی و ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ سے متعلق مختلف تجاویز بھی زیربحث آئیں۔