کرتار پور راہداری کے 5 سال مکمل ‘ سکھوں نے مذہبی رسومات ادا کیں
شکر گڑھ، نارووال‘ کرتار پور +کامونکی( نامہ نگار+نوائے وقت رپورٹ + نمائندہ خصوصی) کرتار پور راہداری کے 5 سال مکمل ہو گئے۔ بھارتی سکھ یاتریوں کی بڑی تعداد نے دربار پہنچ کر مذہبی رسومات ادا کیں۔ کرتار پور راہداری کی پانچویں سالگرہ پر صوبائی وزیر اقلیتی امور اور صدر پاکستان گردوارہ پربندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے سالگرہ کا کیک کاٹا۔ چار کلومیٹر طویل کرتارپور راہداری کی تعمیر 2019ء میں ہوئی تھی۔علاوہ ازیں برطانیہ کے 283 سکھوں نے گوردوارہ اروڑی صاحب اور دیگر مقامات کی یاترا کی۔ برطانیہ سے آنے والے دو سو تراسی مرد و خواتین سکھ یاتریوں نے گذشتہ روز ایمن آباد گوردوارہ روڑی صاحب، لالو دی کھوئی اور چکی صاحب کی یاترا کی۔ پولیس کی سخت سکیورٹی میں سکھ یاتریوں نے نہائت عقیدت و احترام سے اپنی مذہبی رسومات ادا کیں، بعدازاں وہ واپس لاہور روانہ ہو گئے۔