چینی 15 روپے کلو سستی: دالوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی‘ ہول سیل گروسرز
لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور میں پرچون سطح پرایک کلو چینی کی قیمت مزید 15 روپے کم ہو گئی ہے اور اس کی قیمت 140 روپے سے کم ہو کر 125 روپے ہو گئی ہے۔عالمی مارکیٹ میں دالوں کی قیمتیں کم ہونے کے بعد مقامی تھوک مارکیٹ میں بھی دالوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھی جا رہی ہے۔ ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی مارکیٹ میں دالوں کی قیمتوں میں 100ڈالر فی ٹن سے زائد کی کمی ہوئی ہے جس کے نتیجے میں فی ٹن دال کی قیمت 860 ڈالر سے کم ہو کر 750 ڈالر فی ٹن سے بھی نیچے آگئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ بھارت اور سری لنکا کی جانب سے خریداری سرگرمیاں بند ہونے سے عالمی مارکیٹ میں دالوں کی قیمتیں نیچے آئی ہیں جبکہ خطے میں پاکستان واحد ملک ہے جو اپنی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے دالوں کی خریداری کر رہا ہے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق ستمبر سے اب تک کالا چنے کی فی کلوگرام قیمت میں 50 روپے کی کمی دیکھی گئی ہے۔ رواں ماہ اور اگلے ماہ مزید کنسائنمنٹس کے پاکستان پہنچنے پر دالوں کی قیمت مزید250 روپے تک گر سکتی ہیں۔ گروسرز ایسوسی ایشن کے مطابق400 روپے فی کلوگرام میں فروخت ہونے والی دال چنا کی قیمت فی الوقت 360 روپے ہو گئی ہے جو دسمبر میں300 روپے تک نیچے آ سکتی ہے۔ دال ماش کی قیمت 75روپے کمی سے425 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔ کابلی چنا درجہ اول کی قیمت میں بھی کمی ہوئی ہے جو 400 روپے سے کم ہوکر 355 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔ اسی طرح کابلی چنا چھوٹا دانہ جو 320 روپے میں فروخت ہو رہا تھا اس کی قیمت 295 روپے فی کلو پر آ گئی ہے۔