گرین ٹاؤن میں پولیس مقابلہ، خاتون ڈاکو سمیت 5 ہلاک، ایس ایچ او، کانسٹیبل زخمی
لاہور(نامہ نگار) گرین ٹاؤن کے علاقے میں پولیس مقابلے میں خاتون سمیت 5 ڈاکو ہلاک ہو گئے جبکہ ایس ایچ اور ایک کانسٹیبل زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق گرین ٹاؤن کے علاقے پیر بازار کے قریب فیروز کالونی میں ایک گھر میں کرائے پر ڈاکوؤں نے رہائش رکھی ہوئی تھی۔ پولیس کی بھاری نفری پہنچی اور علاقہ کو گھیرے میں لیا تو ڈاکوؤں نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ کر دی۔ پولیس نے جوابی فائرنگ کی۔فائرنگ کے نتیجے میں چار ڈاکو موقع پر ہلاک جبکہ ان کی ایک خاتون ساتھی اقراء خان زخمی ہو گئی۔ فائرنگ کی زد میں آکر ایس ایچ او گرین ٹاؤن خرم شہزاد اور کانسٹیبل آصف بھی زخمی ہو گئے۔زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ہسپتال میں زخمی خاتون ڈاکو اقراء خان بھی دم توڑگئی۔ ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی شناخت گینگ سرغنہ رضوان، علی رضا، زین، علی اور اقراء خان کے ناموں سے ہوئی۔ ہلاک ہونے والے تمام ڈاکو اپنے ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکرمارے گئے۔ ڈکیت گروہ پولیس یونیفارم اور سرکاری اداروں کی وردیوں میں وارداتیں کرتا تھا۔ دریں اثناء ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے ہسپتال کا دورہ کیا اور زخمی اہلکاروں کی عیادت کی۔ بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔