• news

صوابی جلسہ: بانی اسی ماہ کال دینگے، کارکن ان کی رہائی تک گھر واپس نہیں آئیں گے: گنڈاپور

صوابی (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈا پور نے صوابی میں جلسہ سے خطاب کرتے کہا ہے کہ چاہے جان چلی جائے بانی پی ٹی آئی کو رہا کرا کر دم لیں گے۔ مقابلہ کریں گے گھر واپس نہیں آئیں گے۔ حقیقی آزادی تک جد و جہد جاری رہے گی۔ بانی پی ٹی آئی نومبر میں ایک کال دیں گے جس کیلئے سب کو نکلنا ہو گا اب کارکن بانی پی ٹی آئی کی رہائی اور حقیقی آزادی تک گھروں کو واپس نہیں جائیں گے۔ بانی پی ٹی آئی نے حکم دیا ہے کہ نومبر میں کال دوں گا گھروں میں بتا کر نکلیں گے کہ اگر ہماری میت نہ آئے تو ہمارے جنازے پڑھ لینا۔ عہد کرتے ہیں جب تک تکبر کے پہاڑ کو نہ توڑا‘ ہم مریں گے اور ماریں گے۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ آج علامہ اقبال کا یوم پیدائش ہے ان کا خواب حقیقی آزادی کا تھا پنجاب میں ہمارے لوگوں کے گھروں میں گھس کر جو کیا اس کا حساب دینا پڑے گا۔ پارٹی میں پھر جمہوری الیکشن کروائیں گے۔ پارٹی میں مجھے چار سال تک کوئی عہدہ نہیں ملا، پی ٹی آئی موروثی جماعت نہیں حلف اٹھاتا ہوں کہ نومبر میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی تک واپس گھر نہیں جاؤں گا۔ چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے صوابی جلسہ سے خطاب کرتے کہا ہے کہ آج کا عوامی جلسہ مینڈیٹ چور حکومت کے خلاف ریفرنڈم ہے۔ ہم پاکستان کی عدلیہ کو مضبوط کر رہے ہیں کچھ لوگ ٹویٹ ڈیلیٹ کر رہے ہیں مگر یہاں اب بانی پی ٹی آئی کا نظریہ چلتا ہے۔ امریکہ سمیت کسی کی غلامی قبول نہیں۔ بانی پی ٹی آئی کے خلاف 200 کیسز ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں رکھ کر کیسے سیاست آگے بڑھے گی اور امن آئے گا؟ بانی پی ٹی آئی کی رہائی بہت قریب ہے۔ بانی پی ٹی آئی کی آزادی کیلئے نکلیں گے۔ پی ٹی آئی کے صوابی میں ہونے والے جلسہ میں امریکہ کا جھنڈا لہرانے والا شہری گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم جلسہ گاہ میں کس مقصد کے لئے امریکی جھنڈا لایا اس کی تفتیش جاری ہے۔

ای پیپر-دی نیشن