بانی پی ٹی آئی دہشتگردوں کو لائے، وہی لوگ حملے کر رہے ہیں: عطا تارڑ
لاہور(نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ کوئی سیاسی لیڈر یا سیاسی جماعت پاکستان سے بڑی نہیں، کچھ چیزیں سیاست اور سیاسی معاملات سے بالاتر ہونی چاہئیں، ہم نے تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ فراخ دلی کا مظاہرہ کیا۔ شاعر مشرق کے یوم ولادت پر گزشتہ روز وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے لاہور میںمزار اقبال پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ بعدازاں لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ نفرت اور انتشار پیدا کرکے بھائی کو بھائی سے لڑایا گیا، سچے سوچے منصوبے کے تحت معاشرے میں بگاڑ پیدا کیا گیا۔ ہم دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ اچھی تعلق رکھنے کے خواہاں رہے ہیں۔ آج افکار اقبال پر عمل کرنے کی ضرورت ہے، کلام اقبال مسلم امہ کو متحد کرنے کا ایک ذریعہ ہے، اقبال کے افکار نے برصغیر کے مسلمانوں میں آزادی کا جذبہ بیدار کیا۔ گزشتہ روز شاعر مشرق علامہ اقبال کا 147 واں یوم ولادت منایا گیا، اس موقع پر لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب منعقد ہوئی۔ پاکستان نیوی کے کمانڈر سینٹرل پنجاب ریئر ایڈمرل اظہر محمود تقریب کے مہمان خصوصی تھے، اس موقع پر پاک بحریہ کے دستے نے مزار اقبال پر اعزازی گارڈ کے فرائض سنبھالے۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی دہشت گردوں کو واپس لائے، آج وہی لوگ حملے کر رہے ہیں۔ مزار اقبال پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اقبال کا جو خودی کا تصور ہے، اس خود انحصاری کے پیغام کی پوری مسلم امہ کو ضرورت ہے۔ یہی ہمارے لیے ترقی اور خوشحالی کا راستہ ہے۔ کوئٹہ میں ریلوے سٹیشن پر دھماکے کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کا کہ دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے۔ طالبان کو بانی چیئرمین پی ٹی آئی واپس لائے۔ آج وہی لوگ حملے کر رہے ہیں۔ دہشت گردوں کو بانی پی ٹی آئی واپس لائے۔