امریکہ کا مستقبل دائو پر لگ گیا، ٹرمپ کی فتح کے خلاف احتجاج شروع
واشنگٹن (این این آئی )امریکہ میں صدارتی انتخاب ہوچکا۔ ڈونلڈ ٹرمپ دوسری بار امریکہ کے صدر منتخب ہوچکے مگر پھر بھی معاملات کی گرد پوری طرح بیٹھی نہیں ہے۔ معاملہ یہ ہے کہ ملک کے بہت سے علاقوں میں لوگ انتخابی نتائج کو شدید بے یقینی کے عالم میں دیکھ رہے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ری پبلکنز ڈونلڈ ٹرمپ کی فتح کا جشن منارہے ہیں اور دوسری طرف ملک میں کئی مقامات پر احتجاج بھی ہوا ہے۔ ٹرمپ کی فتح کو ملک کے لیے انتہائی خطرناک قرار دینے والے امریکیوں کی تعداد بھی کم نہیں۔نیو یارک کے کولمبس سرکل میں ٹرمپ انٹرنیشنل ہوٹل اینڈ ٹاور کے نزدیک ہزاروں افراد جمع ہوئے اور ڈونلڈ ٹرمپ کے دوسری بار صدر منتخب ہونے پر احتجاج کرتے ہوئے اِسے ملک کے لیے انتہائی خطرناک قرار دیا۔پروٹیکٹ اور فیوچر نامی مارچ کا اہتمام ورکنگ فیملیز پارٹی، دی کمیونی کیشن ورکرز آف امریکہ، انویزیبل، میک دی روڈ نیو یارک اور دیگر تنظیموں اور گروپوں نے کیا تھا۔اس مظاہرے کے منتظمین نے لکھا کہ اگلے چار سال کے لیے ملک و قوم کی ٹون سیٹ کرنے میں نیو یارک کا کردار بہت اہم ہے۔