• news

ایک ماہ کے دوران گھی‘ کوکنگ آئل کی قیمتوں میں 60 روپے تک اضافہ

لاہور (کامرس رپورٹر) ایک ماہ کے دوران تھوک اور پرچون سطح پر آئل او ر گھی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کا رجحان جاری ہے۔ درجہ اول کا گھی اور آئل 54روپے، درجہ دوم اور سوم کے گھی اور آئل کی قیمتوں میں 60روپے اضافہ دیکھا گیا۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق پرچون سطح پر ایک ماہ کے دوران درجہ اول آئل اور گھی کی قیمت میں 54 روپے تک اضافہ ہوا ہے جس سے اس کی قیمت 505 روپے سے بڑھ کر 559 روپے ہو گئی۔ درجہ دوم گھی جو تین ہفتے سے ایک ماہ قبل 440 روپے کا فروخت ہو رہا تھا اس کی قیمت میں60 روپے اضافہ دیکھا گیا ہے جس سے اس کی قیمت 500 روپے تک پہنچ گئی جبکہ مختلف مقامات پر پرچون میں 525 سے530 روپے فروخت جاری ہے۔ درجہ دوم آئل جو 452 روپے فی لیٹر پر فروخت ہو رہا تھا، اس کی قیمت میں بھی 60روپے اضافہ دیکھا گیا ہے اور اس کی قیمت 512روپے تک پہنچ گئی ہے جبکہ مختلف مقامات پر پرچون میں530 سے 540 روپے تک فروخت جاری ہے۔ درجہ سوم 900 ایم ایل کا آئل اور گھی جو تقریباً ایک ماہ قبل390 میں فروخت ہو رہا تھا اس کی قیمت بھی 60روپے اضافے سے 450 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن