• news

چیمپئنز ٹرافی: بھارت نہ آیا تو پاکستان ان کیساتھ کبھی کرکٹ نہیں کھیلے گا: ذرائع

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کیلئے بھارت کے پاکستان نہ آنے کے معاملے پر حکومت پاکستان نے بھارت کو سخت جواب دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہو گی۔ کسی بھی قسم کا ہائبرڈ ماڈل قبول نہیں ہو گا۔ اگر بھارت چیمپئنز ٹرافی کے لئے پاکستان نہیں آتا تو ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 سمیت تمام ایونٹس میں پاکستان شرکت نہیں کرے گا۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر بھارت چیمپئنز ٹرافی کے لئے پاکستان نہیں آتا تو جب تک پاکستان، بھارت تعلقات ٹھیک نہیں ہوں گے پاکستان بھارت کے ساتھ کرکٹ نہیں کھیلے گا۔ چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارتی کرکٹ ٹیم کے پاکستان آنے سے انکار کی خبروں کے بعد پاکستان نے کھیلوں کے ہر فورم پر بھارت کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سے بھارت کی اولمپکس بڈ کی بھی مخالفت کی جائے گی۔ بھارت 2036 میں اولمپکس کی میزبانی کا خواہشمند ہے۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے کھیلوں میں بھارتی رویے پر آئی او سی کو خط لکھنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت نے متعدد مرتبہ کھیلوں میں سیاست کو ملوث کیا۔ چیمپئنز ٹرافی کے معاملے پر حکومت پاکستان نے بھی سخت مؤقف اختیار کیا ہے۔ خیال رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو بھارت کے پاکستان نہ آکر کھیلنے سے متعلق آگاہ کردیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن