ملک بھر میں وی پی این سروسز میں تعطل انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی کی شکایات
اسلام آباد (نیٹ نیوز) پاکستان میں متعدد انٹرنیٹ صارفین کی جانب سے گزشتہ روز انٹرنیٹ سروسز میں دشواری کے ساتھ ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک ( وی پی این) تک محدود رسائی کی شکایات سامنے آئی ہیں۔ خیال رہے وی پی این اس وقت استعمال کیا جاتا ہے جب ملک میں کوئی ویب سائٹ یا ایپلی کیشن بند ہو۔اگست میں، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اٹھارٹی ( پی ٹی اے) نے وی پی این کے استعمال پر سختی شروع کردی تھی، جس کا مقصد پہلے سے پابندی کا شکار مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ’ایکس‘ تک رسائی کو محدود کرنا تھا۔ اتوار کے روز پاکستان میں متعدد ایکس صارفین نے پلیٹ فارم پر لکھا وی پی این کی رفتار کو کم کیا جارہا ہے اور اس کی رسائی کو محدود کیا جارہا ہے۔