مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج کے مظالم جاری، گھر گھر تلاشی، مزید 3 کشمیری نوجوان شہید
سری نگر (کے پی آئی ، این این آئی) بھارتی فوج نے شمالی کشمیر، سری نگر اور کشتواڑ میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران جاری فوجی آپریشنز میں3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا ہے ۔ اتوار کو ایک نوجوان ضلع بارہمولہ کے علاقے رام پورہ سوپور میں محاصرے اورتلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا گیا اس سے قبل بھارتی فوج ، پیراملٹری سینٹرل ریزروپولیس فورس اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے علاقے کا محاصرے کرکے گھرگھر تلاشی کی کارروائی شروع کی۔ بھارتی فوج نے گزشتہ روز سگی پورہ میں دونوجوانوں کو شہید کیا تھا۔ اتوار کوبھارتی فوج نے سری نگر اور کشتواڑ میں بھی فوجی آُریشن شروع کر دیا ہے سگی پورہ میں فورسز کا محاصرہ جاری ہے۔ غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے کے لیے اپنی کوششیں تیز کرے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ اگر بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت اور اس کے انتہائی کرپٹ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہایہ سمجھتے ہیں کہ وہ تنازعہ کشمیر کی حیثیت کوتبدیل کرسکتے ہیں اور مقبوضہ جموں وکشمیرمیں جاری ریاستی دہشت گردی کے ذریعے کشمیریوں کو آزادی کی جائز جدوجہد سے دستبردارہونے پر مجبور کرسکتے ہیں توہ احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرکے ضلع کشتواڑ میں ایک حملے میں ایک جونیئر کمیشنڈ آفیسر(جے سی او)سمیت تین بھارتی فوجی زخمی ہو گئے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے ضلع کے علاقے کیشون میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کی تھی ۔ آپریشن کے دوران ایک حملے میں بھارتی فوج کا جے سی او اور دو فوجی اہلکار زخمی ہوگئے۔کانٹواڑہ اور کیشون کے علاقوں میں جاری آپریشن شروع کیا گیاتھا۔