قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی تنظیم نو کا فیصلہ، ایک ارب روپے سالانہ بچت ہو گی
اسلام آباد (این این آئی) سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی تنظیم نو کا فیصلہ کر لیا۔ سپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت فنانس کمیٹی کے اجلاس میں منظوری دی گئی۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے اعلامیے کے مطابق قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی تنظیم نو سے ایک ارب روپے سالانہ کی بچت ہو گی۔ تنظیم نو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو ضرورت کے مطابق فعال اور متحرک بنانے کا حصہ ہے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں 90 اور دوسرے مرحلے میں 130 غیر ضروری آسامیاں ختم کی جائیں گی، جس سے 56 کروڑ روپے سالانہ کی بچت ہو گی۔ اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تیسرے مرحلے میں انتظامی اصلاحات سے مزید 40 کروڑ روپے کی بچت ہو گی۔