صوابی جلسہ میں لائحہ عمل دیدیا ، چند روز تک مارچ کی تاریخ دونگا‘ بانی پی ٹی آئی
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت کے بعد بانی پی ٹی آئی نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا صوابی جلسہ میں ہم نے لائحہ عمل دیدیا ہے ، چند روز تک مکمل تیاری کیساتھ مارچ کی تاریخ خود دوں گا ، اس بار ہمارے لوگ واپس گھروں میں نہیں جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حقیقی آزادی کیلئے میں ہر قربانی دینے کو تیار ہوں۔ ہمارا احتجاج عدلیہ کی بحالی اور ہمارے بے گناہ کارکنان و رہنماوں کی آزادی تک احتجاج جاری رہے گا۔ بانی پی ٹی آئی نے مزید کہا تحریک انصاف کے عہدیدار ، ارکان اسمبلی ، ناظمین ، ٹکٹ ہولڈرز ، کارکن اور سپورٹرز اپنی تیاری مکمل کریں اور گراونڈ پر موبلائزیشن کیلئے کام شروع کر دیں۔