جمہوریت کی بقاء، اسلامی نظام کیلئے تحریک جاری رکھیں گے: فضل الرحمن
اسلام آباد+حضرو (نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ نوائے وقت) جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ویکفیلڈ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا اسلامی نظام کے نفاذ اور سودی نظام کے خاتمے کے بغیر پاکستان ترقی نہیں کر سکتا، پاکستان کی بقاء اسلامی نظام میں ہے، پاکستان میں انسانی حقوق کے تحفظ اور معیشت کی بہتری کیلئے کردار ادا کرنا ہو گا۔ 26 ویں آئینی ترمیم میں سودی نظام کے خاتمے کو آئین کا حصہ بنایا گیا ہے۔ 2028ء سے تمام محکموں کو سود سے پاک کر دیا جائے گا۔ آئین ہم سب کا ہے ہمیں اس کا احترام کرنا ہو گا، جمہوریت کی بقاء اور اسلامی نظام کے لیے پاکستان بھر میں تحریک جاری رکھیں گے۔ پاکستان کے امن کے لیے ہمیں متحد ہونا ہو گا۔ انسداد دہشتگردی ایکٹ میں ترمیم کرنا 26 ویں آئینی ترمیم اور جمہوریت کی توہین ہے، کسی کو شک کی بنیاد پر 90 روز تحویل میں رکھنا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ ہم محفوظ پاکستان کے لیے مضبوط فوج کے قائل ہیں، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر کہا کشمیریوں کو اپنی آزادی کی جنگ خود لڑنا ہو گی۔جمعیت علماء اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ الحاج سید حسن شاہ آف ہارون مقیم برمنگھم کی جے یو آئی کے لئے گرانقدر خدمات قابل تحسین ہیں اور ان کی وفات سے میں اپنے ایک مخلص رفیق سے محروم ہوگیا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانیہ میں اپنے میزبان اور قدیم و دیرینہ رفیق الحاج سید حسن شاہ گیلانی مرحوم کے فرزند اور برطانیہ میں اپنے خادم خاص سید فیض الحسن شاہ کی رہائش گاہ برمنگھم میں ان کے والد مرحوم الحاج سید حسن شاہ گیلانی اور سید فیض الحسن شاہ کی ہمشیرہ کی وفات پر سید فیض الحسن شاہ اور دیگر برادران سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔