سبزیوں کی میکانائز ڈ فارمنگ شروع ، پیداوار میں اضافہ ، مہنگائی کم ہوگی : مریم نواز
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کی ہدایت پر پنجاب میں ٹماٹر اور پیاز کی پیداوار بڑھانے کے لئے پہلی مرتبہ پائیدار اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے جس کے تحت سبزیوں بالخصوص ٹماٹر اور پیاز کی میکانائزڈ فارمنگ کا پراجیکٹ لانچ کیا گیا ہے جس پر 3 ارب روپے لاگت آئے گی۔ وزیراعلی مریم نوازشریف کی ہدایت پر سبزیو ں کی میکانائز فارمنگ کے لئے پلانٹر، پرونرز، سپرئیر اور دیگر زرعی آلات پر 70فیصد سبسڈی دی جائے گی۔ کاشتکار کو صرف 30فیصد ادا کرنا ہوں گے۔ اسی طرح ویلیو ایڈیشن کے لئے پلپنگ یونٹ، ڈرائر اور گریڈرز خریدنے پر بھی حکومت پنجاب 70فیصد سبسڈی دے گی۔ وزیراعلی مریم نوازشریف کی ہدایت پر زیر کاشت رقبے اور پیداوار میں اضافے کے لئے لودھراں، ملتان اور وہاڑی کے اضلاع کو پیاز جبکہ ٹماٹر کے لئے خوشاب، شیخوپورہ اور مظفر گڑھ کے اضلاع کو منتخب کیا گیا ہے۔ مذکورہ 6اضلاع میں 25ایکڑ تک اراضی مالکان کے فارمر انٹرپرائز گروپس بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ فارمر گروپس کو خصوصی طورپر فارمرز فیلڈ سکول میں جدید طریقہ زراعت اور سمارٹ طریقہ کاشت کے بارے میں ٹریننگ دی جائے گی۔ وزیراعلی مریم نوازشریف کے ویژن کے مطابق فارمرز گروپس کو انٹرنیشنل مارکیٹ سے بھی منسلک کیا جائے گا۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہا ہے کہ میکانائزڈ اور گروپ فارمنگ سے نہ صرف سبزیو ں کی پیداوار بڑھے گی بلکہ لاگت بھی کم ہوگی۔ ٹماٹر اور پیاز مہنگے بیچنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ عام آدمی کی آسانی اور خوشی کے لئے ہر اقدام کریں گے۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل وکرم سے اور ٹیم کی شب و روز محنت سے پنجاب میں اشیائے خورد و نوش ہر صوبے کی نسبت سب سے سستی میسر ہیں۔ ایگریکلچر ٹرانس فارمیشن پراجیکٹ کے لئے ہیلپ لائن 0800-17000 قائم کردی گئی ہے۔ دریں اثناء مریم نواز شریف نے سرگودھا میں جائیداد کے تنازع پر تین خواتین پر تشدد کا نوٹس لے لیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے آر پی او سرگودھا سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ خواتین اور بچے ریڈ لائن ہیں اور تشدد کے واقعات قطعاً برداشت نہیں۔