• news

آئی ٹی شعبہ کی ترقی پاکستان کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگی، وزیر خزانہ، ترک سفیر کی ملاقات 

 اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اورنگزیب سے ڈنمارک میں پاکستان کے سفیر شعیب سرور نے پیر  یہاں فنانس ڈویژن میں ملاقات کی۔ تعلقات کو فروغ دینے، خاص طور پر تجارت اور معاشی اشتراک کے مختلف پہلوئوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔  انہوں نے ڈنمارک میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی خدمات اور ان کے ذریعے دونوں ممالک کے مابین تجارت اور ثقافتی روابط کو فروغ دینے پر بھی روشنی ڈالی۔ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ آئی ٹی کے شعبے میں ہونے والی ترقی پاکستان کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگی۔ کراچی میں پاکستان سٹارٹ اپ سمٹ  کے لئے ویڈیو پیغام میں کہا کہ معاشی ترقی کو بہتر کرنے کے لئے اداروں کے درمیان رابطے مضبوط ہونا انتہائی ضروری ہے۔ اداروں کے درمیان مضبوط رابطہ اور تعاون پالیسیوں کے نفاذ، سرمایہ کاروں کی سہولت، اور عوامی بہبود کے پروگراموں میں کامیابی کو یقینی بنا سکتا ہے۔ حکومت کا کام پالیسی فریم ورک ہے، معیشت کی بہتری کیلئے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ سینیٹر محمد اورنگزیب سے جمہوریہ ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوگلونے بھی  ملاقات کی۔ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالی گئی اور خاص طور پر تجارت، سرمایہ کاری اور دفاع کے شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سینیٹر اورنگزیب نے عرفان نذیر اوگلو کو ان کی سفارتی ذمہ داریوں پر خوش آمدید کہا اور پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات کو مزید وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ وفاقی وزیر نے ترکیہ کی کمپنیوں کو پاکستان کے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور زراعت کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کی پیشکش کی جس سے دونوں ممالک کو مشترکہ فوائد حاصل ہوں گے۔ ترک سفیر نے پاکستان کی معاشی اصلاحات کو سراہا اور تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

ای پیپر-دی نیشن