ثقافتی ورثہ قوم کے تشخص کی علامت ہے : چوہدری شجاعت
اسلام آباد(خبرنگار ) پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ اور سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ثقافتی ورثہ قوم کے تشخص کی علامت ہے جسے محفوظ رکھنا ہماری قومی ذمہ داری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ کلچرل ونگ کی نومنتخب صدر ثنا درانی کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ثنا درانی آرٹ، ثقافت اور ڈیزائننگ میں اعلی تعلیم یافتہ، بصری آرٹسٹ اور ثقافت کی بحالی اور اس کے تحفظ کی ماہرہیں۔وہ والڈ سٹی کمپنی کی مشیرہیں جو مغلیہ فنون، میوزیم اور شاہی قلعے کی بحالی کے لئے کام کررہی ہے۔اس موقع پرچوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ پاکستان کا ثقافتی ورثہ اپنی مثال آپ ہے جسے محفوظ کر کے اگلی نسلوں کو منتقل کرنے کی ضرورت ہے۔ثقافت قوموں کی شناخت اور میراث ہوتی ہے جسے آنے والی نسلوں تک منتقل کرناہم سب کی قومی ذمہ داری ہے۔ یہ عمل تہذیبی شناخت کو مضبوط اور قوموں کو اعتماد عطا کرتا ہے جس سے ان پر تیز رفتار ترقی کے راستے کھل جاتے ہیں۔ اس کے مقابلے میں جو قومیں اپنی تہذیبی قدروں سے کٹ کر اجنبی روایات کے پیچھے چل پڑتی ہیں، ان کا نہ کوئی مستقبل ہوتا ہے اور نہ وہ قوموں کی برادری میں سراٹھا کر چل سکتی ہیں۔ اس لیے ہمیں قومی اور ملی روایات سے اپنا تعلق مضبوط کرنا ہے اور اپنی تہذیب و ثقافت کے فروغ کے لیے سنجیدگی کے ساتھ کام کرتے رہنا ہے۔