ہائبرڈ ماڈل قبول نہیں، چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہو گی، پی سی بی کا آئی سی سی کو خط
لاہور (سپورٹس رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) حکومتی ہدایت پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) چیمپئنز ٹرافی کے پاکستان میں انعقاد کے معاملے پر ڈٹ گیا۔ ذرائع کے مطابق حکومتی ہدایت پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی کو خط لکھ دیا۔ خط میں لکھا گیا ہے کہ بھارت سے پاکستان نہ آنے کی ٹھوس وجوہات بھی پوچھ لیں۔ پی سی بی نے خط میں واضح کیا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہو گی، ہائبرڈ ماڈل قبول نہیں، دیگر ٹیمیں پاکستان آسکتی ہیں تو بھارت کو کیا مسئلہ ہے؟۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بھارت کے بغیر بھی چیمپئنز ٹرافی کرا سکتے ہیں، بھارت کی جگہ کسی اور ٹیم کو بھی بلایا جاسکتا ہے۔ بھارتی ٹیم کے پاکستان نہ آنے کے معاملے پر وفاقی حکومت نے تمام سٹیک ہولڈرز سے وسیع تر مشاورت کا فیصلہ کرلیا۔ پی سی بی کے سرپرست اعلی وزیراعظم شہباز شریف کی وطن واپسی پر اہم اجلاس ہوگا، جس میں پی سی بی، وزارت بین الصوبائی رابطہ سمیت تمام سٹیک ہولڈرز شرکت کریں گے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ اجلاس میں وزارت خارجہ، وزارت داخلہ سے بھی تجاویز لی جائیں گی جبکہ اجلاس میں سکیورٹی اداروں کے سربراہان کی بھی شرکت متوقع ہے۔ اجلاس میں تمام فریقین کی مشاورت کے بعد حکومتی سطح پر باضابطہ فیصلہ لیا جائے گا۔ پی سی بی تمام متبادل تجاویز اجلاس میں رکھے گا۔ ذرائع کے مطابق چیمپئنز ٹرافی پر بھارتی ہٹ دھرمی اور پاکستان کے صاف موقف پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل آئی سی سی بھی پریشان ہے۔ پاکستان کی جانب سے سخت موقف کے بعد آئی سی سی کے پاس آپشنز محدود ہیں۔ ذرائع کے مطابق صرف ایک ٹیم کی وجہ سے ٹورنامنٹ متاثر کرنے پر دیگر بورڈز کو بھی تحفظات ہوں گے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ ہائبرڈ ماڈل سے انکار پر آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جنوبی افریقہ منتقل کردی جائے گی۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ذرائع کا کہنا ہے کہ تنازع کی صورت میں چیمپئنز ٹرافی کا فیصلہ بورڈ میٹنگ میں ہوگا۔ چیمپئنز ٹرافی کی پاکستان سے منتقلی کے لیے بورڈ میٹنگ پر رائے شماری ضروری ہوگی۔ بھارتی صحافی ایل پی ساہی نے کہا ہے کہ نواز شریف کی مودی کو ایک فون کال بھارتی ٹیم کو پاکستان لا سکتی ہے۔ دونوں ہی رہنماؤں کے درمیان دوستانہ روابط ہیں۔