چوہدری شجاعت سے ملاقات، نئی سڑکوں کو شہدا سے منسوب کرنے کا اعلان، قربانیوں کا قرض ادا نہیں کر سکتے: محسن نقوی
لاہور (این این آئی) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں تعمیر ہونے والی نئی سڑکوں کے نام شہدا سے منسوب کرنے کا اعلان کر تے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان شہدا کی عظیم قربانیوں کا قرض ادا نہیں کر سکتا،دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیاں بے مثال ہیں۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی گلبرگ میں مسلم لیگ (ق) کے سربراہ و سابق وزیر اعظم چودھری شجاعت حسین کی رہائشگاہ آمد ہوئی ۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے چودھری شجاعت حسین سے ملاقات کی ۔ اس موق پر وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین بھی موجود تھے۔ چودھری شجاعت حسین نے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہدا کے خاندانوں سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے تعمیر ہونے والی تمام نئی سٹرکوں کو شہدا کے نام سے منسوب کرنے کا مطالبہ کیا، جس پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں تعمیر ہونے والی نئی سٹرکوں کے نام شہدا سے منسوب کرنے کا اعلان کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ دیگر صوبوں کے وزرائے اعلیٰ سے بھی اس پر عمل درآمد کے لیے بات کی جائے گی۔ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ یہ کام شہدائے وطن اور ان کے خاندانوں کے ساتھ حکومت کے اظہار یکجہتی کے حوالے سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کی نظیر اقوام عالم میں نہیں ملتی۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں پاکستانیوں نے جام شہادت نوش کیا۔ یہ انمٹ قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ محسن نقوی نے کہا شہدا کے خاندانوں کے ساتھ ہیں اور ہمیشہ ساتھ کھڑے رہیں گے۔ دھماکے بہادر پاکستانی قوم کا مقدر نہیں۔ قوم کی حمایت سے اس ناسور کا خاتمہ کریں گے۔چودھری شجاعت حسین اور چوہدری شافع حسین نے آسٹریلیا کے خلاف 22برس ون ڈے سیریز جیتنے پر محسن نقوی کو مبارکباد دی ۔ شجاعت حسین نے کہا کہ آپکی محنت اور کھلاڑیوں کی کارکردگی نے جیت میں اہم کردار ادا کیا،۔