معیشت بہتر، مہنگائی کی کمر ٹوٹ رہی، شہباز دن رات کام کر رہے ہیں: نوازشریف
لندن (نوائے وقت رپورٹ) نواز شریف نے لندن میں تقریب میں کارکنوں سے خطاب کیا۔ خواجہ آصف اور مریم نواز نے بھی شرکت کی۔ نواز شریف نے کہا کہ (ن) لیگ کے کارکنوں کی پارٹی کیلئے خدمات قابل تعریف ہیں۔ پاکستان کے حالات دن بدن بہتر ہو رہے ہیں۔ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ شرح سود کم، گروتھ ریٹ بہتر، مہنگائی کی کمر ٹوٹ رہی ہے۔ پاکستان میں معیشت بہتر ہو رہی ہے۔ ملک آگے بڑھ رہا ہے۔ مسلم لیگ (ن) جب بھی آئی پاکستان اوپر گیا۔ زرمبادلہ کے ذخائر بہتر ہو رہے ہیں۔ مجھے زندگی بھر کیلئے سیاست سے نااہل کر دیا گیا۔ مجھے پارٹی صدارت سے بھی اتار دیا گیا۔ شہباز شریف ملک کے حالات بدلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اگر ہماری حکومت میں خلل نہ آتا تو آج پاکستان ایشیئن ٹائیگر بن چکا ہوتا۔ جی 20 میں شامل ہوتا۔ پاکستان میں ترقی کا پہیہ چلنا شروع ہو گیا ہے۔ کچھ لوگوں نے ذاتی مقاصد کیلئے ملک کو دائو پر لگا دیا۔ شہباز شریف دل و جان سے ملک کے حالات بدلنے کی کوشش کر رہے ہیں، وہ دن رات کام کر رہے ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں ہیلتھ کی سہولیات کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔ تمام بھرتیاں میرٹ پر کی جا رہی ہیں۔ پاکستان میں جب بھی ترقی کا دور آیا تو نواز شریف کی حکومت تھی۔ آج ڈیفالٹ کی کوئی بات نہیں کرتا۔ لوگ باتیں کر رہے ہیں کہ معیشت ترقی کر رہی ہے۔ خدمت کرنا میرا فرض ہے۔ پنجاب میں آج روٹی اور آٹا سستا ہے۔ ملک سے فتنہ پارٹی کا خاتمہ ہو رہا ہے۔ عوام نے ان کی احتجاج کی کال پر کان نہیں دھرے۔