5 ماہ میں 53 لاکھ مریضوں کے علاج کا ریکارڈ، سارے وسائل عوام پر خرچ کرینگے: مریم نواز
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے منفرد اور شاندار کلینک آن ویل اور فیلڈ ہاسپٹل پراجیکٹ نے صوبے کے 37اضلاع میں عوامی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کر دئیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق 148دنوں میں ساڑھے 53 لاکھ سے زائد مریضوں کا دہلیز پر مفت اور بہترین علاج کیا گیا۔ کلینک آن ویل کی سروسز سے روزانہ اوسطاً 30ہزار سے زائد مریض مستفید ہورہے ہیں۔ کلینک آن ویل میں طبی مشاورت، ٹیسٹ اور الٹرا ساؤنڈ کی سہولت بھی میسر ہے۔ پنجاب بھر کے سیمی اربن اور گنجان علاقوں میں 202 کلینک آن ویل وین اور 42 الٹرا ساؤنڈ پلس وین سروسز فراہم کررہی ہیں۔ لاہور کے سیمی اربن اور گنجان آبادیوں میں 15کلینک آن ویل اور 3الٹرا ساؤنڈ گاڑیاں خدمت کے عمل میں مصروف ہیں۔ پنجاب کے دور دراز علاقوں میں 7لاکھ 36ہزار سے زائد افراد نے فیلڈ ہسپتال سے علاج کرایا ہے۔ فیلڈ ہسپتال کے ذریعے دیہات کے ایک لاکھ سے زائد افراد کو مفت لیب ٹیسٹ کی سہولت فراہم کی گئی۔ دور دراز دیہات کے 46 ہزار سے زائد افراد کو مفت ایکسرے اور الٹراساؤنڈ ٹیسٹ کی سہولت دی گئی۔ فیلڈ ہسپتال اور کلینک آن ویل پراجیکٹس پر دیہات کے عوام اور عوامی نمائندوں نے وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کا کہنا ہے کہ سارے وسائل عوام پر ہی خرچ کریں گے۔ اچھا علاج، ادویات اور ٹیسٹ دیہات میں رہنے والوں کا حق ہے۔ فیلڈ ہسپتال اور کلینک آن ویل کی تعداد مزید بڑھائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہری کو دہلیز پر علاج کی سہولت فراہم کرنے کا عہد نبھائیں گے۔ کلینک آن ویل اور فیلڈ ہسپتال پراجیکٹس کی ڈیلی مانیٹرنگ کر رہی ہوں۔ مریم نواز شریف نے مہربانی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مہربانی ایسی غیر مرئی طاقت ہے اس کے اثرات دل میں محسوس ہوتے ہیں۔ کسی کا بوجھ بانٹنا، دل جوئی کرنا، مسکرا کر بات کرنا نبی کریمﷺ کی سنت مبارکہ ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ خواہش ہے پاکستان میں ہر دل خوش اور ہر چہرہ مسکراتا نظر آئے۔ مہربانی کو زندگی کا حصہ بنائیں اور آئندہ نسل کو بہتر دنیا دیں۔ وزیر اعلیٰ نے وفاقی وزیر ریاض حسین پیر زادہ کے بھائی سجاد حسین پیر زادہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔