• news

نمل یونیورسٹی کا دورہ، پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن، چینی سفیر، طلبہ کیلئے نئے سکالر شپ، تعاون بڑھانے کا اعلان

اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے گزشتہ روز نمل یونیورسٹی کا دورہ کیا اور ریکٹر نمل میجر جنرل (ر) شاہد محمود کیانی، ہلال امتیاز (ملٹری) سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کی جامعات کے درمیان علمی اور تحقیقی تعاون کو بڑھانے، تعلیمی معیار کو بہتر بنانے اور زبان کو پاکستان اور چین کے عوام کے درمیان رابطے کا ذریعہ بنانے کے حوالے گفتگو ہوئی۔ چینی سفیر نے  ڈائریکٹر جنرل نمل بریگیڈیئر شہزاد منیر کے ہمراہ چینی زبان میں تقریری مقابلے میں شرکت کی اور چین اور گلگت بلتستان کے ثقافتی پرفارمنسز کا مشاہدہ کیا۔ سفیر نے چینی زبان اور ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے یونیورسٹی کی کوششوں کو سراہا اور تعلیمی اور ثقافتی تبادلے کے فروغ میں انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ جیانگ زیدونگ نے طلباء  کے ساتھ سوال و جواب کے سیشن میں براہ راست شرکت کی۔ انہوں نے اپنی گفتگو میں محنت و استقامت کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا، ’’تعلیم میں مشکلات آتی ہیں، اور خوشی جدوجہد سے ملتی ہے۔‘‘  سفیر نے پاکستان کے روشن مستقبل بارے امید کا اظہار کرتے ہوئے ملک کے وسائل، جغرافیائی اہمیت اور نوجوان آبادی کو سراہا۔ انہوں نے کہا ’’پاکستان ایشیا کے ایک اہم ملک کے طور پر ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔‘‘ انہوں نے   پاک چین اقتصادی راہداری کو ’’دو طرفہ تعاون کا سنگ میل‘‘ قرار دیا۔ مزید برآں، انہوں نے پاکستانی نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے کئی منصوبوں کا اعلان کیا، جن میں وظائف، تبادلہ پروگرامز اور پاکستان میں کام کرنے والے چینی اداروں میں انٹرن شپ مواقع شامل ہیں۔ پاکستان چینی وظائف کے حصول میں عالمی سطح پر تیسرے نمبر پر ہے اور تقریباً 20,000 پاکستانی طلباء  اس وقت چین میں زیر تعلیم ہیں۔ انہوں نے مستقبل میں پاکستانی طلباء  کے لیے چینی سفیر سکالرشپ، ووکیشنل ٹریننگ میں توسیع اور پاکستانی اداروں کے ساتھ مزید تعاون جیسے اقدامات کا اعلان کیا۔ تقریب کے اختتام پر تقریری مقابلے کے فاتحین کو انعامات دیے گئے، اور ریکٹر نمل میجر جنرل (ر) شاہد محمود کیانی نے مقابلے میں شریک طلباء  کی زبان دانی اور ثقافتی کارکردگی کی تعریف کی۔ ریکٹر نے ثقافتی تبادلے میں چینی سفیر کی غیر متزلزل حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے چینی سفیر سے نمل یونیورسٹی کے طلباء  کیلئے چین میں تعلیم حاصل کرنے کے مواقع پیدا کرنے کی اپیل کی۔

ای پیپر-دی نیشن