غیر قانونی امیگریشن کو روکنے کیلئے بین اقوامی سطح پر اقدامات کی ضرورت ہے: محسن نقوی
اسلام آباد + بڈاپیسٹ (اپنے سٹاف رپورٹر سے +آئی این پی )وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ عالمی امن کیلئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،غیر قانونی امیگریشن کو روکنے کے لیے پاکستان نے متعدد قانونی اور انتظامی اقدامات کیے ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ہنگری کے دارالحکومت بڈاپیسٹ میں 7 ویں وزارتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔وزیر داخلہ نے کہا کہ 2019 میں منعقدہ آخری وزارتی کانفرنس کے بعد سے متعدد اہم پیش رفت ہو چکی ہیں، آج ہمیں بہت سے اہم مسائل کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوام عالم کو طویل تنازعات، اقتصادی عدم استحکام اور موسمیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز درپیش ہیں، ان چیلنجز نے دنیا بھر میں امیگریشن کے بہا ئوکو نئی شکل دی ہے، ان مسائل کی وجہ سے پیچیدہ چیلنجز جنم لے رہے ہیں، جن سے کوئی ایک ملک اکیلے نمٹ نہیں سکتا۔ ان چیلنجز پر قابو پانے کے لیے جامع بین الاقوامی حکمت عملی کی ضرورت ہے، غیر قانونی امیگریشن کو روکنے کے لیے پاکستان نے متعدد قانونی اور انتظامی اقدامات کیے ہیں، پاکستان نے اپنے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انسانی اسمگلنگ میں ملوث مجرموں کے خلاف موثر طریقے سے قانونی چارہ جوئی کرنے کے لیے بااختیار بنایا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ سے منسلک خطرات کے بارے میں عوامی آگاہی بڑھانے، سرحدی کنٹرول کو مضبوط بنانیاور علاقائی و بین الاقوامی تعاون کو بڑھانے پر توجہ دے رہے ہیں، قانونی امیگریشن کو فروغ دینے کے لیے یورپی یونین اور دیگر ممالک کے ساتھ دو طرفہ معاہدوں اور ٹیلنٹ پارٹنرشپ کو بڑھانے کے لیے بھر پور طریقے سے کام کر رہے ہیں۔