24 نومبر: بانی پی ٹی آئی نے اسلام آباد میں احتجاج کی فائنل کال دیدی
اسلام آباد ‘راولپنڈی، پشاور (نمائندہ نوائے وقت +نوائے وقت رپورٹ+ بیورو رپورٹ) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 24 نومبر کو اسلام آباد احتجاج کی فائنل کال دے دی۔اس بات کا اعلان بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان اور عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے بدھ کو اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کیا ۔ عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے فائنل کال دے دی ہے اور ایک ایک کارکن کو مخاطب ہو کر کہا ہے کہ پورے پاکستان نے نکلنا ہے۔ علیمہ خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے 24 نومبر کو احتجاج کی حتمی کال دے دی ہے۔انہوں نے کہا کہ مطالبات تسلیم کیے جانے تک احتجاج جاری رہیگا جب کہ قوم نے اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنا ہے کہ وہ آزادی میں رہنا چاہتے ہیں یا نہیں۔ میڈیا سے گفتگو میں عمران خان کے وکیل فیصل چودھری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اسلام آباد احتجاج کے لیے کمیٹی قائم کردی ہے تاہم انہوں نے کمیٹی کے نام منظر عام پر لانے سے انکار کیا ہے، بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ نام نہیں بتاؤں گا کیونکہ پھر گرفتار کر لیا جاتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے کہا ہے 24 نومبر کو احتجاج کا مرکز اسلام آباد ہوگا، احتجاج پاکستان بھر اور پوری دنیا میں ہو گا، احتجاج تب تک ختم نہیں ہوگا جب تک مطالبات پورے نہیں ہوتے۔فیصل چودھری کے مطابق عمران خان نے کہا احتجاج کی یہ فائنل کال ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ 26ویں آئینی ترمیم واپس لی جائے اور ہمارا مینڈیٹ واپس کیا جائے، بغیر ٹرائل گرفتار لوگوں کو رہا کیا جائے۔وکیل نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ احتجاج میں پی ٹی آئی کی پوری لیڈرشپ نکلے گی اور ساری پارٹی کو پتا ہے کس نے کیا کرنا ہے جبکہ احتجاج ختم کرنے کا اختیار ایک کمیٹی کو ہو گا۔عمران خان کے وکیل نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر علی امین گنڈاپور بھی قافلہ لے کر کے پی کے سے نکلیں گے۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ فائنل تاریخ آگئی ہم تیار ہیں۔علی امین خان گنڈاپور نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فائنل تاریخ آگئی ہے ہم تیار ہیں، ویسے تو ہماری پہلے سے ہی تیاری تھی لیکن اب مزید بہترین طریقے سے تیاری کرکے نکلیں گے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی رہائی سمیت مطالبات تسلیم ہونے تک ہماری واپسی نہیں ہوگی، اعلان ہوگیا ہے تو بس اب جانے کی تیاری ہے۔ جبکہ مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ عمران خان کی فائنل کال حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگی۔ بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ عمران خان کی فائنل کال حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگی۔ تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ علی امین گنڈاپور خود تمام تیاریوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔فائنل کال اتنی شدید ہوگی کہ شاید جعلی راج کماری مریم نواز اور ان کے والد جنیوا سے واپسی موخرکرکے وہیں رہنے میں عافیت سمجھیں۔ جعلی حکومت کچھ بھی کرلے، ان کا آخری وقت آپہنچا ہے۔ فائنل کال کے بعد ملک میں آئین و قانون کا بول بالا ہوگا۔جعلی مقدمات کا خاتمہ اور عمران خان کی رہائی سمیت مینڈیٹ چوروں کا کڑا احتساب ہوگا۔