قاضی فائز کی چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ تعیناتی سمیت آئینی بنچ آج 18 مقدمات کی سماعت کریگا
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر +نوائے وقت رپورٹ) سپریم کورٹ آئینی بنچز کی 14 اور 15 نومبر کی کازلسٹ جاری کردی گئی۔ سپریم کورٹ میں آئینی بنچ آج 18 کیسز کی سماعت کرے گا جبکہ 15 نومبر کو 16 کیسز کی سماعت کرے گا۔ سابق صدر عارف علوی کو برطرف کرنے کیلئے اور عام انتخابات 2024ء ری شیڈول کرنے کی درخواست بھی سماعت کیلئے مقرر کردی گئی اور درخواست میں انتخابات فروری سے مارچ کے پہلے ہفتے میں منتقل کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔ اسی طرح بیرون ملک کاروبار، اثاثے رکھنے والے ارکان اسمبلی کی نااہلی اور سرکاری افسروں کی غیرملکیوں سے شادی پر پابندی کیلئے دائر درخواست بھی سماعت کیلئے مقرر کردی گئی۔ علاوہ ازیں پی ڈی ایم حکومت میں ہونے والی قانون سازی کالعدم قرار دینے اور ماحولیاتی آلودگی سے متعلق مقدمات بھی سماعت کیلئے مقرر کر دیئے گئے۔ ماحولیاتی آلودگی سے متعلق مقدمات 1993ء، 2003ء اور 2018ء کے ہیں۔ قاضی فائز عیسیٰ کی بطور چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ تعیناتی کے معاملے پر سپریم کورٹ نے ریاض حنیف راہی کی نظرثانی درخواست بھی آج سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی۔ واضح رہے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے تعیناتی کیخلاف درخواست خارج کر دی تھی۔ یاد رہے جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 6 رکنی آئینی بنچ آج سماعت کرے گا۔آئینی بنچ کے سامنے31 سال قبل دائر مقدمات بھی سماعت کے لیے مقرر ہیں۔ پاکستان کی عدالتی تاریخ میں آج نئے باب کا اضافہ ہو گا۔ سپریم کورٹ کا پہلا آئینی بنچ پہلی بار مقدمات کی سماعت کرے گا۔ جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 6 رکنی آئینی بنچ کورٹ روم نمبر تین میں بیٹھے گا، 14 اور 15 نومبر کیلئے کْل 34 کیسز کازلسٹ میں شامل کئے گئے ہیں۔ آئینی بنچ آج قاضی فائزعیسیٰ کی بطور چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ تعیناتی کے خلاف نظرثانی درخواست کی سماعت کرے گا۔ 15 نومبر کو بنچ پاکستانیوں کے بیرون ملک اکاؤنٹس اور کنونشن سنٹر اسلام آباد کے نجی استعمال پر ازخود نوٹسز کی سماعت کرے گا۔ ملک کا لوٹا گیا پیسہ دیگر ممالک سے واپس لانے کیلئے محمد علی درانی کی درخواست بھی سماعت کیلئے مقرر کی گئی ہے۔ علی ظفر اور میشا شفیع ہراسگی کیس، گلگت بلتستان کی عدالتوں کے پاکستان میں دائرہ اختیار سے متعلق مقدمات اور توانائی منصوبوں سے متعلق خواجہ آصف کی درخواستوں پر بھی جمعہ کو ہی سماعت ہو گی۔