• news

پاکستان ہنگری کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے: محسن نقوی   

 اسلام آباد(اپنے سٹاف رپورٹر سے )وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے ہنگری کے وزیر داخلہ سنیڈور پنٹیرنے   ملاقات  کی ہے  جس میں دوطرفہ دلچسپی کے امور اور مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے بڈاپیسٹ پراسیس 7ویں وزارتی کانفرنس کے لئے بہترین  انتظامات اور مہمان نوازی پر ہنگری کے وزیرداخلہ کا شکریہ ادا کیا۔اس دوران پاکستان اور ہنگری کے درمیان اگلے برس سفارتی تعلقات کی 60ویں سالگِرہ بھرپور طریقے سے منانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ہنگری کے وزیراعظم کو 2025 میں سفارتی تعلقات کے 60 برس مکمل ہونے پر دورہ پاکستان کی دعوت دی جس کے بعد ہنگری کے وزیر داخلہ نے دورہ اسلام آباد کی دعوت قبول کر لی اور کہا کہ محسن نقوی کی تجویز پرغیر قانونی امیگریشن کی روک تھام اور قانونی امیگریشن کی حوصلہ افزائی کے لیے ہنگری کا اعلی سطح کا وفد پاکستان آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہنگری کا وفد غیر قانونی امیگریشن، انسانی اسمگلنگ اور نادرا سی آر ایم ایس اور کیسز کے ازسر نو جائزہ سے متعلق معاونت فراہم کرے گا، ہنگرین وفد رپورٹ تیار کرے گا اور اس ضمن میں تعاون کو حتمی شکل دینے کے لیے ہنگری کے وزیر داخلہ پاکستان آئیں گے۔ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور ہنگری کی وزارت داخلہ کے درمیان غیر قانونی امیگریشن اور دیگر  مسائل کے حل کے ہاٹ لائن قائم کی جائے گی، تاہم ہنگری کے وزیر خارجہ بھی رواں برس دسمبر میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔وفاقی وزیر محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان ہنگری کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لئے وفود کے تبادلے ضروری ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن