• news

جنرل ساحر شمشاد سے قطر کے نائب وزیراعظم، وزیر دفاع ، عسکری حکام کی ملاقاتیں، دفاعی تعاون بڑھانے کا عزم

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے قطر کے نائب وزیراعظم اور وزیردفاع شیخ سعود بن عبدالرحمان بن حسن بن علی آل ثانی اور اعلیٰ عسکری حکام سے ملاقات میں دفاع اور سلامتی کے امور پر تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سرکاری دورے پر قطر پہنچے جہاں انہوں نے قطر کے نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع شیخ سعود بن عبدالرحمان بن حسن بن علی آل ثانی سے ملاقات کی۔ بیان میں کہا گیا کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے چیف آف سٹاف قطر آرمڈ فورسز سے الگ ملاقات کی اور ان ملاقاتوں کے دوران دونوں جانب سے علاقائی صورت حال اور باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے پاکستان اور قطر کے درمیان برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا اور دفاع و سلامتی کے شعبوں میں مزید تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق  قطری قیادت نے علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کی تعریف کی۔ جنرل ساحر شمشاد کو قطری مسلح افواج کے ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن