سندھ میں ضمنی بلدیاتی الیکشن، پیپلزپارٹی کو برتری‘جماعت اسلامی دوسرے نمبر پر
کراچی (سٹاف رپورٹر) کراچی سمیت سندھ کے 18 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لیے ووٹنگ کے بعد نتائج آنے کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا۔ ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لیے اکا دکا معمولی تکرار کے علاوہ پولنگ کا ماحول مجموعی طور پر پرامن رہا تاہم ووٹنگ کی شرح انتہائی کم رہی۔ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کو برتری حاصل ہے جبکہ جماعت اسلامی دوسرے نمبر پر ہے۔ مقررہ وقت کے بعد پولنگ سٹیشن کے اندر موجود لوگوں کو ووٹ کاسٹ کرنے کی اجازت دی گئی۔ کراچی کے منگھو پیر ٹاؤن یو سی 5 کے وارڈ 4 کا غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجے کے مطابق جماعت اسلامی کے عرفان عمر 108 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ پی پی پی امیدوار محمد عرفان نے 32 اور آزاد امیدوار شکیل احمد نے 28 ووٹ لیے۔ مذکورہ وارڈ میں ووٹرز کی مجموعی تعداد دوہزار 617 ہے تاہم صرف 237 ووٹ درست قرار پائے اور ٹرن آؤٹ 4.39 فیصد رہا۔ ضلع ملیر ابراہیم حیدری ٹاؤن کی یو سی 7 کے وارڈ 4 کے غیر حتمی نتیجے کے مطابق پی پی پی امیدوار آصف خان 994 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے۔ مجموعی طور پر 77 بلدیاتی نشستوں پر انتخابات شیڈول تھے۔ 41 بلدیاتی نشستوں پر امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوئے۔ 4 بلدیاتی نشستوں پر کسی امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے اور 39 نشستوں پر پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوئے۔