• news

نظام انصاف میں اصلاحات لانے کا فیصلہ، تمام سٹیک ہولڈرز سے رائے لی جائیگی: چیف جسٹس

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) سپریم کورٹ نے نظام انصاف میں اصلاحات لانے کا فیصلہ کیا ہے جس کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز، سائلین اور شہریوں سے بھی رائے لی جائے گی۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے سپریم کورٹ سے لیکر ماتحت عدلیہ اور نظام انصاف کے ہر شعبے میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ سپریم کورٹ میں انصاف کی فراہمی کو بہتر کرنے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں درس و تدریس سے وابستہ سکالرز اور ماہرین،  صدر و سیکرٹری سپریم کورٹ بار شریک ہوئے۔ اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا جس میں بتایا گیا ہے کہ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں انصاف کی فراہمی بہتر کرنے سے متعلق اقدامات پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں نظام انصاف کو بہتر کرنے کے لیے جامع  اصلاحات پر غور کیا گیا۔ چیف جسٹس نے شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے نظام انصاف کو درپیش چیلنجوں سے متعلق آگاہ کیا۔ عدالت عظمیٰ سے لے کر ماتحت عدلیہ اور نظام انصاف کے ہر شعبے میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا۔ اعلامیہ سپریم کورٹ میں کہا گیا کہ اصلاحات کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز، سائلین اور شہریوں سے بھی رائے لی جائے گی۔ چیف جسٹس نے نظام انصاف میں اصلاحات کے لیے یونیورسٹیوں کے کردار کو سراہا۔ رجسٹرار سپریم کورٹ نے اجلاس کے شرکاء کو نظام انصاف میں ناگزیر اصلاحات پر بریفنگ دی۔ ڈویلپمنٹ ایکسپرٹ شیر شاہ نے چیف جسٹس پاکستان کے اصلاحات سے متعلق ویژن کے مطابق قلیل مدتی پلان پیش کیا۔ ہمایوں ظفر نے عدالتی نظام کی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے حوالے سے مختلف پلان پیش کیے۔ اجلاس کے شرکاء نے نظام انصاف کے طریقہ کار کا باریک بینی سے جائزہ لینے اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر زور دیا۔ شرکاء کی جانب سے نظام انصاف میں موجودہ خامیوں کو دور کرنے، شفافیت لانے اور استعداد کار بڑھانے پر مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔ اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ یونیورسٹیوں کی جانب سے نامزد فوکل پرسن اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل درآمد کرانے کے لیے سپریم کورٹ ٹیم سے رابطہ کاری کی ذمہ داری ادا کرے گا۔

ای پیپر-دی نیشن