24 نومبر آخری راؤنڈ، علیمہ خان: اس بار حکمت عملی سخت ہو گی، گنڈا پور
راولپنڈی +پشاور(بیورو رپورٹ+نوائے وقت رپورٹ) بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان کا کہنا ہے کہ عمران خان نے کہا ہے احتجاج ہمارا آئینی حق ہے، 24 تاریخ کی تیاری کریں کیونکہ یہ فائنل راؤنڈ ہے اور جب تک مطالبات نہیں مانے جاتے احتجاج جاری رہے گا۔راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان نے 24 نومبر کی احتجاجی کال سے متعلق آج دوبارہ بات کی ہے اور سوشل میڈیا ٹائیگرز، طلباء اور نوجوانوں کو مخاطب کیا ہے۔علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان نے کہا نوجوان اپنے مستقبل کے لیے کھڑے ہوں، نوجوان پاکستان چھوڑ کر نہ جائیں کیونکہ نوجوان نے پاکستان کو اب بچانا ہے۔ اوورسیز پاکستانیوں نے پیغام دیا ہے وہ 24 اکتوبر کو پوری دنیا میں احتجاج کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے احتجاج کے لیے حکمت عملی ترتیب دینے کا کہا ہے، حکومت کتنے لوگوں کو گرفتار کرے گی لیکن ہم نے آزادی کے لیے کھڑا ہونا ہے۔علیمہ خان نے مزید کہا کہ عمران خان نے کہا 80 سال کی آنٹیوں کو بھی احتجاج میں شامل کریں، کراچی اور کوئٹہ والوں کے لیے پیغام ہے وہ اپنے صوبوں میں احتجاج کریں۔عمران خان کی ہمشیرہ نے کہا ک یہ بانی پی ٹی آئی کی کال ہے اور اس پر پورا عمل ہوگا، عمران خان نے براہ راست سب کو پیغام دیا ہے اور اس احتجاج میں ایم این ایز ایم پی ایز آگے ہوں گے۔علیمہ خان کا کہنا تھا کہ مریم نواز پنجاب میں غیر آئینی کام کرکے ہمیں روکنے کی کوشش کرے گی لیکن ہم نے پھر بھی اسلام آباد پہنچنا ہوگا، ہم اگر اکیلے ڈی چوک پہنچے اور گرفتار بھی ہوئے تو 24 نومبر کو بھی لوگ پہنچیں گے۔ دوسری طرف وزیر اعلیٰ خیبرپی کے علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ہم اپنا حق لینے کے لئے دوبارہ اسلام آباد جائیں گے، ہم ان کے ظلم وبربریت کے عادی ہوچکے ہیں، ہماری تیاری ہر وقت مکمل مگر اس بار حکمت عملی سخت ہوگی جس کے بارے میں ابھی نہیں بتا سکتا۔ پشاور ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ پرامن احتجاج کرتے ہیں جس کا ہمیں حق ہے، آئی جی اسلام آباد کے خلاف مقدمے کا ہمارا کیس چل رہا ہے، لیکن اب ہم ٹرین ہوچکے ہیں، کرتے رہیں جو کرتے ہیں۔ ؎