ہرنائی، فورسز کی کارروائی، 3 دہشت گرد ہلاک، میجر اور حوالدار شہید، قربانیاں دفاع وطن کا غیر متزلزل ثبوت: آرمی چیف
اسلام آباد+ کوئٹہ (خبر نگار خصوصی+ نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں شہریوں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کرنے والے شر پسند عناصر کے خلاف کارروائی کے دوران پاک فوج کے ایک میجر اور حوالدار شہید ہوگئے جبکہ 3 دہشت گرد مارے گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق 14 نومبر کو ضلع ہرنائی میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کی اطلاع ملنے پر سکیورٹی فورسز نے کارروائی کی۔ اطلاع پر فوری طور پر میجر محمد حسیب کی قیادت میں علاقے کو کلیئر کرنے کے لیے سکیورٹی اہلکاروں کو روانہ کردیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں تین دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ کارروائی کے دوران ایک دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد سکیورٹی فورسز کی اگلی گاڑی پر پھٹ گیا۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دھماکا خیز مواد پھٹنے کے نتیجے میں فرنٹ لائن پر اپنی ٹیم کی قیادت کرنے والے میجر محمد حسیب اور حوالدار نور احمد نے بہادری سے لڑتے ہوئے وطن پر اپنی جان قربان کر دی اور شہادت کا رتبہ پایا۔ بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے عزم پر قائم ہیں۔ علاوہ ازیں صدر مملکت آصف زرداری اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہیدوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھائے گا۔ دریں اثناء آئی ایس پی آر کے مطابق ہرنائی میں شہید میجر محمد حسیب شہید کی نماز جنازہ چکلالہ راولپنڈی میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے شرکت کی۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ بہادر افسران اور جوانوں کی قربانیاں دفاع وطن کے غیر متزلزل عزم کا ثبوت ہیں۔ قوم فتنہ الخوارج اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ نماز جنازہ میں وفاقی وزیر احسن اقبال، شہید کے لواحقین، اعلیٰ سول و فوجی حکام نے شرکت کی۔