مہنگائی میں اضافے کا رجحان جاری، 24 اشیا کی قیمتیں بڑھ گئیں
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ملک میں مہنگائی کی شرح میں اضافے کا رجحان مسلسل جاری ہے، حالیہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0.55 فیصد اضافہ ہوا ہے اور سالانہ بنیادوں پر بھی مہنگائی کی شرح میں 4.16 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جمعہ کو جاری کردہ مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق روزمرہ استعمال کی24اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ‘6 کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی جبکہ 21اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔آلو کی قیمتوں میں1.26فیصد، انڈوں کی قیمتوں میں5.01 فیصد، ٹماٹر16.86 فیصد، ایل پی جی 4.10 فیصد، سرسوں کا تیل 1.90 فیصد، لہسن 4.30 فیصد، جلانے والی لکڑی 2.07 فیصد، چینی 1.34 فیصد اور گھی کی قیمتوں میں1.87فیصد اضافہ ہوا۔ اس کے برعکس کیلے کی قیمتوں میں0.18 فیصد، دال چنا کی قیمتوں میں2.51فیصد، دال ماش کی قیمتوں میں0.87 فیصد،چکن کی قیمتوں میں0.07 فیصد اور آٹے کی قیمتوں میں 0.01 فیصد کمی واقع ہوئی۔ حالیہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17ہزار 732 روپے ماہانہ تک آمدنی والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 0.83فیصداضافے کے ساتھ 2.33فیصد ہوگئی، 17 ہزار 733روپے سے 22ہزار 888روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 0.74فیصداضافے کیساتھ 2.47فیصد اور 22ہزار 889روپے سے 29ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 0.62فیصد اضافے کے ساتھ 4.07فیصد ہوگئی۔ اسی طرح 29ہزار 518روپے سے 44ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 0.59 فیصداضافے کے ساتھ4.19 فیصد رہی جبکہ 44ہزار 176روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 0.44فیصد اضافے کے ساتھ 4.75فیصدرہی ہے۔