6 ماہ میں 10 ہزار مریضوں کو فری میڈیسن فراہمی کا ریکارڈ، نادار اقلیتی افراد کو ہر سہ ماہی 10 ہزار دینگے: مریم نواز
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بابا گرو نانک کے جنم دن پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ بابا گرو نانک دیو جی کے جنم دن پر دنیا بھر کی سکھ برادری کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ گرو نانک صاحب ہمیشہ انسانیت، محبت اور اخوت کے علمبردار رہے۔ پر امن معاشرے رواداری اور بھائی چارے کی بنیاد پر قائم ہوتے ہیں۔ گرونانک نے ایک دوسرے کے دکھ سکھ بانٹنے کی تلقین کی۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہاکہ پنجاب کے نادار اقلیتی بہن بھائیوں کیلئے دسمبر میں ’’مینارٹی کارڈ‘‘ فنکشنل کیا جائے گا۔ نادار اقلیتی بہن بھائیوں کو مینارٹی کارڈ سے ہر سہ ماہی 10,000 روپے دئیے جائیں گے۔اقلیتوں کے تحفظ کو مزید یقینی بنانے کے لئے مینارٹی ورچوئل پولیس اسٹیشن قائم کیا جائے گا۔ ہر شہری کو تمام سہولتیں اور حقوق ملنے چاہئیں، چاہے اس کا تعلق کسی بھی مذہب سے ہو۔ مل جل کر سرزمین پاک کو امن و آشتی اور رواداری کی مثال بنانا ہے۔ وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کے ویژن کے مطابق عوام کا حق ان کی دہلیز پر پہنچانے کے لئے تاریخ میں پہلی مرتبہ180یوم میں 10ہزار مریضوں کو فری میڈیسن کی فراہمی ایک ریکارڈہے-وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے فری میڈیسن ہوم ڈیلیوری پراجیکٹ کے تحت ہیپاٹائٹس اور ٹی بی کے مریضوں کو گھر بیٹھے ادویات کی فراہمی جاری ہے-پنجاب بھر میں 10ہزار سے زائد مریضوں کو میڈیسن کی فری ہوم ڈیلیوری ہوگئی ہے-محکمہ صحت کے اعدادوشمار کے مطابق ہیپاٹائٹس کے 5700 سے زائد مریضوں کو فری میڈیسن فراہم کی گئیں جبکہ ٹی بی کے 4200سے زائد مریضوں کوگھر بیٹھے ادویات موصول ہوئیں -مئی کے پہلے ہفتے شروع ہونے والا فری میڈیسن پراجیکٹ کامیابی سے جاری ہے-وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہا میڈیسن فری ہوم ڈیلیوری سے مریضوں کو ہسپتال آنے جانے کی صعوبت سے نجات مل گئی ہے۔ میڈیسن ہوم ڈیلیوری سے ہسپتالوں میں بھی رش میں کمی آرہی ہے۔