• news

قلات میں چوکی پر حملہ ناکام ، جھڑپ 6، دہشتگرد ہلاک 4، زخمی ، 7جوان شہید : انتشار پھیلانے والے بلوچستان کی ترقی کے دشمن ہیں : وزیراعظم

اسلام آباد‘ لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نمائندہ خصوصی + نامہ نگار + نوائے وقت رپورٹ) دہشت گردوں نے قلات کے علاقے شاہ مردان میں سکیورٹی فورسز کی پوسٹ پر حملے کی کوشش کی۔ آئی ایس پی آر دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے شدید تبادلے میں پاک فوج کے 7 بہادر جوان شہید ہو گئے۔ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کیا۔ سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے 6 دہشت گرد ہلاک اور چار زخمی ہو گئے۔ سکیورٹی فورسز کی پوسٹ پر حملے کی کوشش 15 اور 16 نومبر کی درمیانی رات کی گئی۔ علاقے میں موجود دیگر ممکنہ دہشتگردوںکے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع قلات کے علاقے جوہان میں دہشتگردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی بلندی درجات اور ان کے اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا کی ہے۔ ہفتہ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِاعظم نے واقعہ میں زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیرِاعظم نے واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی اور انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ دہشتگردوں کا نہتے شہریوں پر بزدلانہ حملہ قابل مذمت ہے، بلوچستان میں انتشار اور بد امنی پھیلانے والے عناصر بلوچستان کے لوگوں اور اس کی ترقی کے دشمن ہیں۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ ایسے مذموم ہتھکنڈے حکومت کے بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے، دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے بہادر پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ پاکستان کے دشمنوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا کر رہیں گے، دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قلات میں چیک پوسٹ پر دہشتگردانہ حملہ کی سخت مذمت اور اس کے نتیجے میں 7 سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر  افسوس کا اظہار کیا ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ارضِ وطن کی خاطر جانیں قربان کرنے والے جوان قوم کی دلو ں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ انہوں نے شہداء کے لیے بلند درجات کی دعا اور ان کے لواحقین سے بھی دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی عمر ایوب خان نے بلوچستان کے علاقے قلات میں شاہ مردان چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے  حملے کی مذمت کی ہے۔ قائد حزب اختلاف نے حملے کے نتیجے میں 7 سکیورٹی اہلکاروں کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا انہوں نے کہا کہ وطن کی خاطر دہشتگردوں کے خلاف لڑتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے جوانوں کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔ اپوزیشن لیڈر نے زخمی سکیورٹی اہلکاروں کی جلد صحتیابی‘ اللہ تعالیٰ سے شہداء  کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

ای پیپر-دی نیشن