• news

معزور افراد کی بحالی اولین ترجیح وزیراعلی پنجاب ، معاون آلات کی فراہمی کا منصونہ شروع 

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سپیشل افراد کیلئے زندگی آسان پروگرام کا آغاز کر دیا۔ سپیشل افراد کی آسانی اور کار آمد شہری بنانے کیلئے معاون آلات کی فراہمی کا پراجیکٹ شروع کیا گیا۔ سپیشل افراد گھر بیٹھے محکمہ سوشل ویلفیئر کے پورٹل(awc.punjab.gov.pk) پر آن لائن اپلائی کر سکتے ہیں۔ چند ہفتے قبل وزیراعلیٰ پنجاب نے تقریب میں افراد باہم معذوری کی زندگی آسان بنانے کے آلات کے پراجیکٹ کا اعلان کیا تھا۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ قوت سماعت سے محروم افراد کو ہیرنگ ایڈ فراہم کر کے آسانی اور سہولت پیدا کی جائے گی۔ وہیل چیئر ملنے سے خصوصی افراد نقل و حرکت کیلئے دوسرے کی مدد کے محتاج نہیں رہیں گے۔ سپیشل افراد کی بحالی حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ چاہتی ہوں سپیشل افراد بھی نارمل لوگوں کی طرح آسان زندگی گزاریں۔ سپیشل افراد کو خوش و خرم دیکھنا زندگی کا خوشگوار تجربہ ہے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے برداشت کے عالمی دن (Tolerance day) پر اپنے پیغام میں کہا کہ نبی کریمؐ نے اپنی زندگی میں رواداری برداشت کی شاندار مثالیں قائم کیں، ہمیں ان پر عمل کرنا ہے۔ تعلیمی ادارے بھی نوجوان نسل کو برداشت، احترام اور محبت کے اصول سکھائیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مظفر آباد میں مسافر وین گہری کھائی میں گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع‘ قلات میں دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا۔

ای پیپر-دی نیشن