• news

خوارج سرغنہ نورولی محسود کا چھپ کر پاکستان داخل ہونے کا منصونہ بے نقاب 

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) فتنہ الخوارج کے سرغنہ نور ولی محسود کے چھپ کر پاکستان میں داخل ہونے کا منصوبہ آشکار ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق فتنہ الخوارج کا سرغنہ خارجی نور ولی چھپ کر پاکستان آنے کی تیاریاں کر رہا ہے۔ خارجی نور ولی شوال کی جانب سے پاکستان میں چھپ کر داخل ہو کر ایک ویڈیو ریکارڈ کرائے گا، جس کا مقصد یہ بتانا ہوگا کہ وہ پاکستان میں ہے جب کہ ویڈیو کو ریلیز اس وقت کیا جائے گا جب وہ افغانستان واپس بھاگ چکا ہو گا۔ ذرائع  کے مطابق  یہ بات بھی خارج از امکان نہیں کہ وہ افغانستان ہی میں وڈیو ریکارڈ کروا کر پاکستان میں ہونے کا دعویٰ کر دے۔ اس سے قبل 13 نومبر کو خارجی نور ولی کی ایک آڈیو لیک منظر عام پر آئی تھی، جس میں وہ نچلے درجے کے دہشت گردوں کو واپس نہ آنے کی دھمکی دے رہا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 13 اور 14 نومبر کی درمیانی شب خارجی نور ولی اور حاجی گل بہادر گروپ کی آپس کی لڑائی میں خودکش حملے میں 5 دہشتگرد جہنم واصل ہو گئے تھے۔ خارجی نور ولی کا پاکستان میں چھپ کر داخل ہونا بھی گزشتہ پے درپے واقعات میں ناکامی کی وجہ سے دوسرے دہشت گردوں کی طرف سے آنے والے پریشر کا شاخسانہ لگتا ہے۔ دفاعی ماہرین  نے کہا کہ خوارج کی بڑی تعداد خارجی نور ولی محسود کی نا اہلی سے متنفر ہو چکی ہے۔ جبکہ نچلے درجے کے دہشتگرد فتنہ الخوارج کی افغانستان میں عیاشی کرتی قیادت سے متنفر ہو چکے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن