• news

پی ٹی آئی پشاور میں اختلافات  نائب صدر و جنرل سیکرٹری مستعفی

پشاور (نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 24 نومبر کے احتجاج سے قبل ہی پشاور کی ضلعی تنظیم میں اختلافات سامنے آ گئے۔ پشاور سٹی کے سینئر نائب صدر ملک اسلم اور جنرل سیکرٹری تقدیر علی نے استعفیٰ دے دیا۔ تقدیر علی نے استعفے کا باضابطہ اعلان ویڈیو پیغام کے ذریعے کیا۔ سینئر نائب صدر ملک اسلم نے ہاتھ سے لکھا استعفیٰ پارٹی قیادت کو پیش کر دیا۔ ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ پشاور سے مزید عہدیداروں کے استعفے آنے کا امکان ہے اور  اختلافات عہدوں کے تقسیم پر سامنے آئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مستعفی ہونے والے عہدیداروں کو منانے میں ضلعی قیادت مصروف ہے۔ صدر پی ٹی آئی پشاور ریجن ارباب عاصم نے کہا کہ پارٹی میں معمولی اختلافات آتے رہتے ہیں، عہدوں کی تقسیم کا مسئلہ جلد حل ہو جائے گا۔ واضح رہے تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے 24 نومبر کو احتجاج کی فائنل کال دے رکھی ہے، اس کے علاوہ احتجاج کی تیاریوں کے حوالے سے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی بھی پشاور میں متحرک ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن