سابق سینیٹر الیاس بلور انتقال کر گئے، جنازہ آج پشاور میں ہو گا
پشاور؍ اسلام آباد (بیورو رپورٹ+ نمائندہ خصوصی+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) عوامی نیشنل پارٹی کے سابق سینیٹر و ممتاز صنعتکار الیاس احمد بلور انتقال کر گئے۔ نماز جنازہ آج بروز اتوار بوقت 2 بجے وزیر باغ پشاور میں ادا کی جائے گی۔ مرحوم اے این پی رہنما غلام احمد بلور، شہید بشیر بلور اور عزیز بلور کے بھائی اور غضنفر بلور کے والد تھے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق الیاس بلور گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے اور اسلام آباد کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ سابق سینیٹر الیاس احمد بلور نے عملی سیاست کا آغاز نیشنل پارٹی کی رکنیت سے کیا تھا، وہ قومی اسمبلی کے رکن اور سینیٹر بھی رہ چکے ہیں جبکہ سرحد چیمبر آف کامرس کے صدر اور مختلف چیمبرز کے اعلیٰ عہدوں پر بھی رہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری وزیراعظم محمد شہباز شریف نے افسوس کا اظہار اور اہلخانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ الیاس احمد بلور کی عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ناقابل فراموش خدمات ہیں۔ پی پی پی کے رہنماؤں سینیٹر شیری رحمٰن، شازیہ مری اور نیئر بخاری نے بھی تعزیت کی۔