• news

کسان کارڈ: زرعی مداخل  خریداری کے ساتھ 30 فیصد رقم نکلوانے کی سہولت 20 نومبر سے ملے گی

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) ترجمان محکمہ زراعت کے مطابق وزیر اعلی پنجاب کسان کارڈ زرعی ترقی اور کسانوں کی خوشحالی کے لئے گیم چینجر ثابت ہو گا۔ اب تک پورٹل کے ذریعہ 12لاکھ 89ہزار درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔ بنک آف پنجاب نے 4لاکھ 87ہزار درخواستوں کی منظوری دے دی ہے۔ کسانوں نے 3لاکھ 61ہزار سے زیادہ کارڈ وصول کر لیے ہیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ وزیر اعلی کی ہدایت پر کسان کارڈ کی تعداد 5لاکھ سے بڑھا کر 7لاکھ 50ہزار کر دی گئی ہے۔ اب تک کاشتکاروں نے کسان کارڈ کے ذریعے 18ارب روپے سے زائد کی خریداری کر لی ہے۔ کسان کارڈ کے ذریعے کاشتکار بیج، کھاد اور زرعی ادویات کی خریداری کر سکتے ہیں۔ کاشت کاروں کو صوبہ بھر میں 2600رجسٹرڈ ڈیلرز سے گندم کی فصل کے لیے بلا سود قرضہ پر زرعی مداخل کی خریداری   کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق کسان کارڈ کے لیے غیر کمپوٹرائزڈ موضع جات کے کاشتکار بھی اہل ہوں گے۔ کاشتکاروں کو کسان کارڈ کے ذریعے زرعی مداخل کی خریداری کے ساتھ 30فیصد تک رقم نکلوانے کی سہولت 20نومبر سے فراہم کر دی جائے گی جبکہ کسان کارڈ کی فراہمی کے لیے تحصیل کی سطح پر 136ڈیلیوری سنٹرز قائم ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن