• news

ہوسکتا ہے راغب نعیمی نے حکومتی اقدامات کی حمایت میں یہ بیان دیا ہو : وی پی این سے متعلق نظریہ کونسل کی رائے غیر ضروری : رانا ثناء 

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اﷲ نے وی پی این کے استعمال سے متعلق اسلامی نظریاتی کونسل کے فتوے پر تنقید کرتے کہا ہے کہ اسلامی نظریاتی کونسل نے غیر ضروری رائے دی ہے۔ ڈاکٹر راغب نعیمی کا یہ کام نہیں ہے۔ ہو سکتا ہے انہوں نے حکومتی اقدامات کی حمایت میں یہ کام کیا ہو مگر یہ کام الٹا حکومت پر تنقید کی وجہ بن گیا ہے۔ اگر کوئی شخص اچھے کام کیلئے وی پی این استعمال کرے تو اسے استعمال کی اجازت ہے۔ رانا ثناء اﷲ نے کہا کہ حکومت کیلئے پی ٹی آئی کا احتجاج بالکل کوئی چیلنج نہیں ہے۔ پی ٹی آئی نے احتجاج کی بے وقت کال دی ہے۔ یہ بالکل فلاپ شو ہوگا۔ کیا پی ٹی آئی کا ہر ایم این اے دس ہزار لوگ اپنی جیب میں ڈال کر لائے گا۔ ایک حلقے سے دس ہزار بندے لانے کیلئے کم از کم 200 سے 250 بسیں چاہئیں۔ پی ٹی آئی نے ہوم ورک کے بغیر احتجاج کی کال دی ہے۔ پی ٹی آئی کی کال خود ان کیلئے نقصان کا باعث بنے گی۔ وزیراعظم نے پی ٹی آئی کو سیاسی ڈائیلاگ کی پیشکش کی تاہم ڈائیلاگ بانی پی ٹی آئی کی سیاست میں نہیں۔ وزیراعظم کی پی پی کو کابینہ میں شمولیت کی آفر موجود ہے۔ وی پی این بلاک کرنے سے متعلق حکومتی رائے سے آگاہ نہیں۔ وی پی این کے استعمال کا شریعت سے کوئی تعلق ہی نہیں۔ ایکس کے غلط استعمال کی وجہ سے حکومت نے پابندی لگائی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن