وزیراعظم کی زیرصدارت : اپیکس کمیٹی کا اجلاس آج داخلی سلامتی کیلئے اہم فیصلوں کی منظوری دی جائیگی
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ خبر نگار خصوصی+ این این آئی) نیشنل ایکشن پلان کی اپیکس کمیٹی کا اجلاس آج ہو گا۔ وزیراعظم شہباز شریف اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اعلیٰ عسکری و سول قیادت اور متعلقہ وفاقی وزراء شرکت کریں گے۔ صوبائی وزرائے اعلیٰ اور انٹیلی جنس اداروں کے سربراہان بھی شرکت کریں گے۔ اجلاس میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا تفصیل سے جائزہ لیا جائے گا۔ انسداد دہشتگردی کے قومی ایکشن پلان پر عملدر آمد کی صورتحال زیرغور آئے گی۔ صوبوں اور وفاق میں کوآرڈینیشن بہتر بنانے اور انٹیلی جنس معلومات کی شیئرنگ پر غور ہو گا۔ خیبر پی کے اور بلوچستان میں دہشتگردی کے بڑھتے واقعات کی وجوہات کا جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس کو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے نتائج سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔ داخلی سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے اہم فیصلوں کی بھی منظوری دی جائے گی۔ وزیراعظم شہباز شریف کل منگل کو ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے۔ دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف ایکسپو سینٹر میں ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن (ڈیپو) کے زیر انتظام دفاعی نمائش آئیڈیاز2024 کا افتتاح کریں گے۔ وزیراعظم گورنر ہائوس میں بین الاقوامی وفود اور وزیراعلیٰ سندھ و گورنر سندھ سے ملاقوں سمیت مختلف اجلاسوں کی صدارت بھی کریں گے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے میر عطاء اللہ لانگو کو بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کا صدر اور دیگر نو منتخب عہدیداران کو مبارک باد دی ہے۔ اتوار کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں آپ کی کامیابی وکلا برادری کی فلاح و بہبود کا باعث بنے گی۔