حج درخواستوں کی وصولی شروع‘ درخواست کے ساتھ 2 لاکھ روپے جمع کرانا ہونگے
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) ملک کے15 نامزد بنکوں میں حج درخواستوں کی وصولی کا آغاز پیر سے کر دیا گیا۔ حج درخواست کے ہمراہ 2 لاکھ روپے جمع کرانا ہوں گے۔ دوسری قسط قرعہ اندازی کے بعد وصول کی جائے گی جبکہ یکم تا10 فروری تک بقیہ حج واجبات ادا کرنا لازمی ہوں گے۔ ترجمان مذہبی امور کے مطابق سرکاری حج سکیم کا کوٹہ89 ہزار605 مختص ہے، سمندر پار پاکستانیوں کے لیے سپانسر شپ سکیم کی5 ہزار نشستیں مختص کی گئی ہیں جبکہ بیرون ملک سے امریکی ڈالرز میں یکمشت ادائیگی کرنا ہو گی۔ وزارت کے ڈیش بورڈ پر بنکوں کی سینکڑوں برانچوں کی کارکردگی کو براہ راست مانیٹر کیا جائے گا۔ خواتین عازمین حج سرپرست کی اجازت سے قابل اعتماد گروپ کے ساتھ بغیر محرم روانہ ہو سکیں گی۔ اضافی سہولیات میں الگ فیملی رومز، قربانی کی سہولت دستیاب ہو گی۔ دوسری جانب عازمین کے لیے حج کو سستا کرنے کے لیے وزارت مذہبی امور کو پہلی کامیابی مل گئی۔'وزارت مذہبی امور نے پی آئی اے سے آٹھ سو ڈالر فی کس کرایہ طے کر لیا۔ وزارت مذہبی امور نے پینتیس ہزار عازمین حج کیلئے کوٹہ پی آئی اے کو دیا۔ گزشتہ برس وزارت مذہبی امور نے ہر حاجی کا کرایہ آٹھ سو پچاس ڈالر ادا کیا تھا۔