بی جے پی جان بوجھ کر منی پور میں بدامنی پھیلا رہی ہے: کانگریس
نئی دہلی (این این آئی) بھارت میں کانگریس پارٹی کے صدر ملک ارجن کھرگے نے کہا ہے کہ بی جے پی اپنے انتشاری ایجنڈے کو پورا کرنے کے لیے منی پور میں جان بوجھ کر بدامنی پھیلا رہی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ملک ارجن کھرگے نے نئی دہلی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی ’’ڈبل انجن‘‘حکومت کے تحت منی پور نہ تو متحد ہے اور نہ ہی محفوظ ہے۔ راہول گاندھی نے ریاست میں تشدد اور خونریزی کو انتہائی پریشان کن قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا کہ وہ منی پور کا دورہ کریں اور مفاہمت کے لئے راستہ ہموار کریں۔ کانگریس رہنمائوں نے مرکزی حکومت کی عدم فعالیت کی بھی مذمت کی۔ پارٹی کے جنرل سیکرٹری کے سی وینوگوپال نے منی پور میں بگڑتی ہوئی صورتحال کے ثبوت کے طور پر بی جے کے ارکان اسمبلی پر حملوں کی طرف اشارہ کیا۔ کانگریس کے سینئر رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ اوکرم ایبوبی سنگھ نے خبردار کیا کہ ریاست میں جاری بحران کو حل نہ کیا گیا تو حکمران جماعت بی جے پی اور حزب اختلاف کے ارکان اسمبلی اجتماعی استعفیٰ دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منی پور کے لوگ صدر راج کے نفاذ کی مخالفت کرتے ہیں کیونکہ اس سے تنائو مزید بڑھے گا۔ انہوں نے کہاکہ منی پور کے عوام آمرانہ اقدامات نہیں بلکہ بامعنی کارروائی اور مسئلے کا حل چاہتے ہیں۔